
نئی دہلی، 2 مئی (ہ س)۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہفتہ کو خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کردیاہے۔ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کے لئے 15 رکنی ٹیم میں نوجوان تیز گیند باز نندنی شرما کو پہلی بار ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔
چنڈی گڑھ سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ نندنی نے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 وکٹیں لے کر دہلی کیپٹلس کے لیے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹ لینے والی کھلاڑی بنی تھیں، جس کے سبب ان کو قومی ٹیم میں جگہ ملی ۔
یاستیکا اور رادھا کی واپسی، کچھ بڑے نام باہر
وکٹ کیپر بلے باز یاستیکا بھاٹیہ اور آل راؤنڈر رادھا یادیو کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انوشکا شرما، اوما چھیتری اور کاشوی گوتم کو ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ یہی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل تین میچوں کی ٹی20 سیریز بھی کھیلے گی۔
ہرمن پریت پانچویں بار کپتانی کریں گی
ہندوستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر ہرمن پریت کور کریں گی جو اس عالمی ٹورنامنٹ میں پانچویں مرتبہ ٹیم کی قیادت کریں گی۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں ہندوستان کی ٹاپ اسکورر تھیں۔ اسمرتی مندھانا کو نائب کپتانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
اسپن اٹیک کو مضبوطی ملی
ہندوستانی ٹیم نے اپنے اسپن ڈپارٹمنٹ کو مضبوط کیا ہے، جس میں دیپتی شرما، شرینکا پاٹل، شری چرنی اور رادھا یادو شامل ہیں۔ یہ تمام گیند باز جنوبی افریقہ کی حالیہ سیریز میں موثر رہی تھیں۔
ٹی20 فارم تشویش کا باعث
ہندوستان کی حالیہ ٹی20 کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔ 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد سے، ٹیم نے 21 میں سے 13 میچ جیتے ہیں، لیکن اس سال اس نے 8 میں سے صرف 3 میچ جیتے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں ہندوستان کو 5 میں سے 4 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پہلا میچ 14 جون کوپاکستان کے خلاف
ٹیم انڈیا اپنی مہم کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں پاکستان کے خلاف کرے گی۔ گروپ اے میں ہندوستان کے ساتھ ہالینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ سیمی فائنل اوول میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان کی ٹیم : ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شفالی ورما، جیمیمہ روڈریگس، دیپتی شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، اروندھتی ریڈی، رینوکا ٹھاکر، کرانتی گوڑ، شری چارنی، شرینکا یاٹل،بھارتی پھولمالی، یاستیکا بھاٹیہ، نندیتا شرما، رادھا یادو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد