
نئی دہلی، 2 مئی ( ہ س ) ۔ ہندوستان کے سرکردہ مرد بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین چوٹ کے باعث تھامس کپ 2026 کے سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف نہیں کھیل سکیں گے۔ اس بات کی تصدیق بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا نے ہفتہ کے روز کی۔ بی اے آئی کے جنرل سیکریٹری سنجے مشرا نے ایک بیان میں کہا، “کوارٹر فائنل کے دوران بار بار ڈائیو لگانے کی وجہ سے لکشیہ کی کہنی میں چوٹ آئی۔ میڈیکل ٹیم کی تفصیلی جانچ کے بعد احتیاطاً انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ اگر ہندوستان فائنل میں پہنچتا ہے تو وہ مکمل طور پر فٹ رہ سکیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ لکشیہ سین اس وقت طبی نگرانی میں ہیں اور انہیں ہر ضروری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹیم کو ان کی جلد صحت یابی اور واپسی کی پوری امید ہے۔
واضح رہے کہ لکشیا سین نے کوارٹر فائنل میں اعلیٰ درجہ بندی کے کھلاڑی چو تین چن کو 18-21، 22-20، 21-17 سے شکست دے کر ہندوستان کی 3-0 کی جیت کی بنیاد رکھی تھی۔
سیمی فائنل میں ہندوستان کی جانب سے مرد سنگلز میں آیوش شیٹی، کدامبی سری کانت اور ایچ ایس پرنئے کھیلیں گے۔ جبکہ ڈبلز مقابلوں میں ساتوک سائی راج رنکیرڈی/چراغ شیٹی اور ایم ارجن/اے ہری ہرن کی جوڑیاں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد