
نئی دہلی، 02 مئی (ہ س)۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں اورینج کیپ کی ریس مسلسل دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔ جمعہ کی رات راجستھان رائلز اور دہلی کیپیٹلز کے مقابلے کے بعد اورینج کیپ کی فہرست میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملی، جہاں دہلی کیپیٹلز کے کپتان کے ایل راہل پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وہیں پرپل کیپ کی دوڑ میں بھی اہم تبدیلی درج کی گئی ہے۔
دہلی کیپیٹلز کے سلامی بلے باز کے ایل راہل شاندار فارم میں ہیں۔ اس سیزن میں انہوں نے 433 رن بنا کر اورینج کیپ پر قبضہ جما لیا ہے۔ راہل نے اب تک کچھ چھوٹی اننگز کے باوجود 92، 57، 37، ناٹ آوٹ 152 اور 75 رنوں کی بہترین اننگز کھیلی ہیں، جس نے انہیں چوٹی پر پہنچا دیا۔
راجستھان رائلز کے ویبھو سوریاونشی، جو میچ سے پہلے 400 رن کے ساتھ سرفہرست تھے، اس مقابلے میں صرف 4 رن ہی بنا سکے اور اب وہ چوتھے مقام پر کھسک گئے ہیں۔ ان کے اوپر سن رائزرز حیدرآباد کے ابھیشیک شرما (425 رن) اور ہینرک کلاسن (414 رن) دوسرے اور تیسرے مقام پر موجود ہیں۔
یشسوی جیسوال بھی اس میچ میں ناکام رہے اور 6 رن بنا کر اب 312 رنوں کے ساتھ 10 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ رائل چیلنجرز بنگلورو کے وراٹ کوہلی، گجرات ٹائٹنز کے شبھمن گل، بی سائی سدرشن، ایشان کشن اور پنجاب کنگز کے پربھسمرن سنگھ ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
گیند بازی میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے بھونیشور کمار پہلے مقام پر برقرار ہیں۔ اس سیزن میں ان کی پانچ بار تین وکٹ لینے کی کارکردگی نے انہیں 17 وکٹوں تک پہنچا دیا ہے۔
حالانکہ دوسرے مقام پر اب راجستھان رائلز کے جوفرا آرچر پہنچ گئے ہیں، جن کے نام 15 وکٹیں ہیں۔ ان کے ساتھ سن رائزرز حیدرآباد کے ایشان ملنگا بھی 15 وکٹوں کے ساتھ موجود ہیں، لیکن بہتر اکانومی ریٹ (8.62) کی وجہ سے آرچر دوسرے مقام پر ہیں۔ بھونیشور کا اکانومی ریٹ 7.54 ہے، جو ٹاپ 10 گیند بازوں میں سب سے بہتر ہے۔
چنئی سپر کنگز کے انشل کمبوج اور گجرات ٹائٹنز کے کگیسو ربادا 14-14 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں بنے ہوئے ہیں۔ کمبوج کو آگے بڑھنے کا موقع تب ملے گا جب ان کی ٹیم اگلا مقابلہ کھیلے گی۔
آئی پی ایل 2026 میں اورینج اور پرپل کیپ کی یہ جنگ آنے والے میچوں میں مزید دلچسپ ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن