
پدوچیری، 02 مئی (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے پدوچیری میں انتظامیہ نے 4 مئی کو ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کے لیے جامع اور سخت حفاظتی انتظامات نافذ کیے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر، اس پورے عمل کی نگرانی کے لیے 3000 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پدوچیری میں اسمبلی انتخابات 9 اپریل کو اختتام پذیر ہوئے، 30 نشستوں کے لیے 1,099 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس الیکشن میں ووٹروں نے جوش و خروش سے حصہ لیا، ووٹنگ ریکارڈ ٹرن آو¿ٹ 91.69 فیصد رہا۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کو سخت حفاظتی انتظامات میں مختلف مقامات پر محفوظ اسٹرانگ رومز میں محفوظ کیا گیا ہے۔ پدوچیری خطے کے لیے ای وی ایمز کو محفوظ طریقے سے گورنمنٹ ویمنز انجینئرنگ کالج (لاسپیٹ میں واقع)، نہرو پولی ٹیکنک کالج، اور ٹیگور گورنمنٹ آرٹس کالج میں جمع کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، کرائیکل میں پانچ سیٹوں کے لیے ای وی ایم کروناندھی پوسٹ گریجویٹ سینٹر میں رکھے گئے ہیں۔ ماہے کے لیے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول میں ہیں۔ اور یانم کے لیے ای وی ایم گورنمنٹ آرٹس کالج میں ہیں۔
ان تمام گنتی مراکز پر تین سطح کا سیکورٹی نظام نافذ کیا گیا ہے، جس میں مقامی پولیس کے ساتھ نیم فوجی دستوں کی تعیناتی بھی شامل ہے۔ ہر مرکز پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے، اور مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
4 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے دن پورے مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے تین شفٹوں میں 1,250 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ صبح 5:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک مختلف شفٹوں کے ذریعے سیکیورٹی ڈیوٹی کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 200 نیم فوجی اہلکار بھی سیکورٹی کو برقرار رکھنے میں مدد کریں گے۔
علاقہ وار تعیناتی کے منصوبے کے مطابق کرائیکل میں 500 پولیس اہلکار، 400 ماہے اور 450 یانم میں تعینات ہیں۔ ہر علاقے میں، 100 نیم فوجی اہلکاروں کے ساتھ خصوصی کمانڈو یونٹس اور خواتین کمانڈو فورسز کو سیکورٹی انتظامات میں شامل کیا گیا ہے۔
پولیس اور انتظامی عہدیداروں نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے دوران بعض مقامات پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط کیا گیا ہے تاکہ ووٹوں کی گنتی کے عمل کو پرامن اور غیر جانبدارانہ طریقے سے انجام دیا جاسکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی