
سلطان پور، 2 مئی (ہ س)۔اتر پردیش کے سلطان پور ضلع میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے متعلق ہتک عزت کے مقدمے میں ہفتے کے روز، ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے آواز کے نمونے کے ملاپ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ مدعی کے وکیل نظر ثانی دائر کریں گے ۔ یہ معاملہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف مبینہ قابل اعتراض تبصرے سے متعلق ہے۔ اگلی سماعت کے لئے 11 مئی کی تاریخ طے کی گئی ہے۔
مجسٹریٹ شبھم ورما کی عدالت نے ہفتہ کو شکایت کنندہ کی درخواست پر سماعت کے بعد آواز کے نمونے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 11 مئی کی تاریخ بھی مقرر کرتے ہوئے دلائل اور دفاع کو ضمانتی مچلکے داخل کرنے کی ہدایت دی۔ سماعت کے دوران شکایت کنندہ کے وکیل سنتوش پانڈے نے دلیل دی کہ مبینہ آڈیو ویڈیو کی صداقت کی تصدیق کے لیے آواز کا نمونہ ضروری ہے۔ اس دوران دفاع کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اسے قانونی طور پر نامناسب قرار دیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور ہفتہ کو مدعی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا۔
ہتک عزت کا مقدمہ بی جے پی لیڈر وجے مشرا نے اکتوبر 2018 میں دائر کیا تھا۔ راہل گاندھی نے 20 فروری 2024 کو عدالت میں خودسپردگی کی، جس کے بعد خصوصی مجسٹریٹ نے انہیں 25,000 روپے کی دو مچلکوں پر ضمانت دی۔
راہل گاندھی 26 جولائی 2024 کو ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے کیس کو سیاسی سازش قرار دیا۔ راہل گاندھی کے بیان کے بعد عدالت نے مدعی کو شواہد پیش کرنے کی ہدایت دی جس کے بعد گواہوں کو مسلسل پیش کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 20 فروری کو راہل گاندھی نے بھی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا تھا۔ عدالت نے ان سے کہا تھا کہ وہ اپنی بے گناہی سے متعلق وضاحت اور ثبوت پیش کریں۔ تاہم راہل گاندھی کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے عدالت میں کوئی وضاحت یا ثبوت پیش نہیں کیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد