
نئی دہلی، 2 مئی (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے معروف نغمہ نگاراور مصنف پرسون جوشی کو پرسار بھارتی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔ یہ اطلاع ہفتہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ پرسار بھارتی کے سابق چیئرمین نونیت سہگل نے 4 دسمبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تب سے یہ عہدہ خالی تھا۔
ریلوے، اطلاعات و نشریات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے پرسون جوشی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، پرسون جوشی ادب اور سنیما میں اپنے تعاون کے لیے جانے جاتے ہیں۔ پرسون ایک قابل ذکر تخلیقی شخصیت ہیں، جو عالمی سطح پر اشتہارات، ادب، آرٹ اور سنیما میں مشہور ہیں اور ان کا دل ہندوستان کے لیے دھڑکتا ہے۔ ان کے الفاظ ہماری مٹی کی خوشبو میں رچے بسے ہیں، اور ان کی قیادت میں پرسار بھارتی کونئی توانائی ملے گی او تخلیقی ارتقا کی نئی عبارت
لکھی جائے گی۔
اس تقرری سے پہلے، پرسون جوشی نے اگست 2017 سے سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے فلم انڈسٹری کے تمام فریقین کے ساتھ منسلک ہو کر فلم سرٹیفیکیشن کے عمل کو مضبوط بنانے میں تعاون کیا۔ اس سے پہلے، انہوں نے میک کین ورلڈ گروپ انڈیا کے سی ای او اور میک کین ورلڈ گروپ ایشیا پیسیفک کی (میک کین ایرکسن کی ذیلی کمپنی) کے چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 2016 سے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس کے ٹرسٹی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پرسار بھارتی ہندوستان کا پبلک سروس براڈکاسٹر ہے، جو آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن کے ذریعے ملک بھر میں خبریں، تعلیم اور تفریحی خدمات فراہم کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی