

بھوپال، 02 مئی (ہ س)۔ شدید گرمی سے پریشان مدھیہ پردیش میں ہفتہ کو موسم نے اچانک کروٹ لی۔ کئی اضلاع میں تیز آندھی، بارش اور کہیں کہیں ژالہ باری نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ دارالحکومت بھوپال میں جہاں بارش سے لوگوں کو راحت ملی، وہیں رائسین، سیہور، بالا گھاٹ، نرمدا پورم اور دیگر اضلاع میں تیز ہواوں اور بارش نے نقصان بھی پہنچایا۔
دارالحکومت بھوپال میں دوپہر کے بعد بارش ہوئی، جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی۔ راتی بڑ علاقے کے بیرکھیڑی میں ایک بڑا برگد کا درخت مکان پر گر گیا۔ حادثے میں گھر کو نقصان پہنچا، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وہیں ضلع رائسین کے چھچھار گاوں میں تیز آندھی کی وجہ سے ہرشیو ویئر ہاوس کی ٹین کی چھت اڑ گئی۔ تقریباً 5000 میٹرک ٹن کی گنجائش والے اس ویئر ہاوس میں سرکاری مونگ رکھی ہوئی ہے۔ بریلی اور باڑی علاقوں میں اچانک بارش سے خریداری مراکز پر رکھا کسانوں کا اناج بھیگ گیا، جس سے سرکاری خریداری متاثر ہوئی اور افراتفری کا ماحول بن گیا۔
سیہور کے اچھاور، بوردی، جھالکی اور بھاو کھیڑی میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ بوردی میں ونایک ویئر ہاوس کے پاس تقریباً 2 کلومیٹر لمبی قطار میں کھڑی ٹریکٹر ٹرالیوں میں رکھی فصل بھیگ گئی، جس سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوا۔
بالا گھاٹ میں ہفتہ کی دوپہر کے بعد تیز ہواوں اور بارش کے دوران میونسپل کارپوریشن کے احاطے میں ایک بڑا درخت گر گیا، جس کے نیچے کھڑی بائیک دب گئی۔ حالانکہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
نرمدا پورم میں تیز آندھی اور بارش سے اناج منڈی میں رکھا گیہوں اور چنا بھیگ گیا۔ ٹین شیڈ میں پانی بھر گیا۔ ادھر، میناکشی چوک کے پاس درخت گرنے سے ٹریفک متاثر ہوا، جبکہ ایک جگہ ٹین شیڈ بھی اڑ گیا۔
نرسنگھ پور کے ڈھگسرا گاوں میں سینکڑوں سال پرانا آم کا درخت آندھی میں گر گیا۔ وہیں ضلع ہسپتال میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے تقریباً آدھے گھنٹے تک اندھیرا چھایا رہا، مریضوں اور اہل خانہ کو موبائل کی روشنی کا سہارا لینا پڑا۔
اچانک بدلے موسم سے جہاں لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی، وہیں کسانوں کے لیے یہ بارش مصیبت بن گئی۔ خریداری مراکز پر اناج بھیگنے سے معاشی نقصان کا خدشہ ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشین گوئی کی ہے، ایسے میں انتظامیہ نے لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن