
منی پور میں کے سی پی (تائبانگانبا) کا کیڈر گرفتار
امپھال، 15 مئی (ہ س)۔ منی پور پولیس اور مرکزی سیکورٹی فورسز کو 7 مئی کو ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس فائرنگ میں ملوث ایک ملزم کے علاوہ کے سی پی (تائبانگانبا) گروپ کے ایک کیڈر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ہیڈ کوارٹر نے آج بتایا کہ 13 مئی کو سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسند تنظیم کے سی پی (تائبانگانبا) کے سرگرم کیڈر کھونگ بانتابم چنگلیمبا میتی عرف ناو (35) کو گرفتار کیا۔ ناو کو تھوبل ضلع کے تھوبل تھانہ کے تحت یائری پوک لمکھائی علاقے سے پکڑا گیا۔ وہ لمسانگ لمدینگ کھونو (موجودہ تھوبل اوانگ لیکائی) کا رہنے والا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک موبائل فون ضبط کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ 13 مئی کو نونی ضلع کے کھوپم تھانہ کے تحت جوزانگ ٹیک اور ننگ سائی-II گاوں کی سرحد پر کچھ نامعلوم مسلح افراد نے بغیر کسی اشتعال کے فائرنگ کی، جس میں ایک عام شہری ہلاک اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ اس دوران 7 مئی کو امپھال مشرقی ضلع کے ہنگانگ تھانہ کے تحت تانگکھام اوانگ لیکائی میں ایک گھر کے گیٹ پر فائرنگ سے متعلق ایک ایف آئی آر کے معاملے کی جانچ کے بعد جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے پر وہاں سے 9 ایم ایم کے پانچ زندہ کارتوس، چار خالی خول اور گولی کا ایک ٹکڑا برآمد کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے آج بتایا ہے کہ اسی کیس کی جانچ کے دوران 11 مئی کو ایک نابالغ کو پکڑا گیا۔ اس کے ساتھی اوشام روشن سنگھ عرف ناوبی (28)، جو امپھال مشرقی ضلع کے ہاراو رو اوانگ لیکائی کا رہنے والا ہے، کو 12 مئی کو گرفتار کیا گیا۔ جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے بھتہ خوری کے لیے خوف و ہراس پھیلانے کے مقصد سے فائرنگ کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن