
بنگلورو، 15 مئی (ہ س)۔ کرناٹک کے مختلف اضلاع میں جمعرات کی دیر رات ہوئی تیز بارش، تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کے واقعات سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ وجئے پورہ اور داونگیرے سمیت کئی اضلاع کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ مکانات گر گئے ،درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ ریاست بھر میں بارش سے متعلقہ واقعات میں کل چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
وجئے پورہ ضلع کے آلمیل تعلقہ کے مورگٹی گاو¿ں میں زبردست بارش اور آندھی کے باعث ایک گھر کی چھت اور دیواریں گرنے سے ایک خاندان کے چار افراد کی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت گروناتھ بڈیگیر (35)، ان کی بیوی جیوتی بڈیگیر (28)، بیٹی کالمہ (13) اور دوسری بیٹی کیرتی (9) کے طور پر ہوئی ہے۔ وجئے پورہ ضلع کے مدے بیہال تعلقہ کے بیدر کنڈی گاو¿ں میں تیز آندھی کے دوران ایک بڑا درخت گرنے سے ایک بزرگ کی موت ہو گئی۔ داونگیرے ضلع کے جریکٹے گاو¿ں میں ایک کھیت میں بھیڑیں چرا رہے نوجوان اجیت(19) آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
رات بھر کی بارش نے ریاست کے کئی حصوں میں کافی نقصان پہنچایا۔ بیلگاوی ضلع کے خانپور تعلقہ کے بھورنکی گاو¿ں میں ایک اسکول کی چھت اڑ گئی۔ اتھنی تعلقہ کے سمبرگی گاو¿ں میں پانچ مکانوں کی چھتیں گرنے سے اناج اور گھریلو سامان تباہ ہو گیا۔ تیز ہواو¿ں سے ہاویری ضلع کے اجارلکما پور میں خانہ بدوش برادری کی جھونپڑیاں اڑا گئی ۔ چکمگلورو-سرینگیری ریاستی شاہراہ پر ایک بڑا درخت گرنے کے بعد کچھ دیر کے لیے ٹریفک میں خلل پڑا۔ گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے اتر کنڑ ضلع کے بھٹکل اور ہوناور علاقوں میں بھی تباہی مچائی جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔
دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی حصوں میں اگلے دو دنوں تک موسلادھار بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ جنوبی اندرونی کرناٹک کے اضلاع بشمول بنگلورو اربن اور دیہی، چتردرگا، کولار اور چکبلاپور میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ ساحلی اور شمالی اندرونی کرناٹک میں بھی بارش جاری رہنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد