
نئی دہلی، 15 مئی (ہ س)۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) نے اردو صحافت میں پی جی ڈپلومہ کے لیے داخلہ کا عمل شروع کر دیا ہے۔ جمعہ کو آئی آئی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، آئی آئی ایم سی نے تعلیمی سیشن 2026-27کے لیے اردو جرنلزم میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس میں داخلے کے لیے آن لائن درخواست کا عمل شروع کر دیا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار 26 مئی 2026 تک آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ نے کہا کہ درخواست فارم ادارے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
کورس میں داخلے کے لیے داخلہ امتحان یکم جون 2026 کو آئی آئی ایم سی ہیڈ کوارٹر نئی دہلی میں منعقد ہوگا۔ اردو جرنلزم کے کورس ڈائریکٹر پروفیسر (ڈاکٹر) سنگیتا پرانویندر کے مطابق، یہ امتحان صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوگا۔ داخلہ امتحان میں جنرل نالج اور میڈیا اور کمیونیکیشن کے سوالات شامل ہوں گے۔
کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے کسی بھی مضمون میں بیچلر ڈگری کے حامل امیدوار درخواست دینے کے اہل ہیں۔ اپنے آخری سال یا آخری سمسٹر کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباءبھی اہل ہیں۔ تاہم، منتخب امیدواروں کو 30 ستمبر 2026 تک اپنی عبوری مارک شیٹ یا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔ کورس کو کامیابی سے مکمل کرنے والے طلباءکو پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کا سرٹیفیکیٹ دیا جائے گا۔
عمر کی حد کے مطابق، عام زمرے کے امیدواروں کی پیدائش 1 اگست 2001 کو یا اس کے بعد ہونی چاہئے۔ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے لیے یہ تاریخ 1 اگست 1998 ہے، اور ایس سی/ایس ٹی/معذور زمروں کے لیے یہ 1 اگست 1996 ہے۔
مزید معلومات کے لیے امیدوار آئی آئی ایم سی کے اکیڈمک ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی