
خواتین ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے آسٹریلیائی ٹیم کا اعلان، سوفی مولینکس فٹ، ڈارسی براون ٹیم سے باہر
میلبورن، 13 مئی (ہ س)۔ آسٹریلیا نے بدھ کو خواتین ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ کپتان سوفی مولینکس فٹ ہو کر ٹورنامنٹ میں واپسی کریں گی، جبکہ تیز گیند باز ڈارسی براون کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ 19 سالہ بائیں ہاتھ کی تیز گیند باز لوسی ہیملٹن کو موقع ملا ہے۔ وہیں گریس ہیرس کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
آسٹریلیائی سلیکٹرز نے ٹیم میں دو لیگ اسپنر الانا کنگ اور جارجیا ویئرہم کو شامل کیا ہے۔ ان کے علاوہ بائیں ہاتھ کی اسپنر سوفی مولینکس اور آف اسپن آل راونڈر ایشلے گارڈنر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ قومی سلیکٹر شان فلیگلر نے کرکٹ آسٹریلیا کے حوالے سے کہا کہ ضرورت پڑنے پر چاروں اسپنرز ایک ساتھ پلیئنگ الیون میں کھیل سکتی ہیں، لیکن الانا کنگ فی الحال اسپن مددگار حالات کے لیے چوتھے آپشن کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’سوفی ہماری کپتان ہیں اور وہ یقینی طور پر کھیلیں گی۔ خواتین کرکٹ میں بائیں ہاتھ کی اسپن بیحد اہم مانی جاتی ہے۔ جارجیا طویل عرصے سے اہم لیگ اسپنر رہی ہیں اور الانا نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لیکن فی الحال ہماری ترجیح ایش، سوفی اور جارجیا ہیں۔ حالات سازگار ہونے پر الانا کو موقع ملے گا۔‘‘
ڈارسی براون کا باہر ہونا کافی حیران کن مانا جا رہا ہے۔ انہوں نے 2023 خواتین ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میں انہوں نے 18 رن دے کر 2 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف 25 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کی تھی۔ تاہم حالیہ عرصے میں ان کی کارکردگی پھیکی رہی۔ 2024 ٹی20 ورلڈ کپ میں انہوں نے صرف تین میچ کھیلے اور اس سال انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف چار ٹی20 مقابلوں میں وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکیں۔
فلیگلر نے کہا، ’’ڈارسی مایوس ضرور ہیں، لیکن ہم نے گزشتہ چند برسوں میں انہیں نئی گیند کی اہم گیند باز بنانے کی کوشش کی۔ وہ ابھی جوان ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ان کا مستقبل شاندار رہے گا۔ یہ ان کے کیریئر کا اختتام نہیں ہے۔‘‘ لوسی ہیملٹن کا انتخاب ان کے شاندار کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مارچ میں کیریبین دورے پر ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ اب تک وہ صرف ایک ٹی20، دو ون ڈے اور ایک ٹیسٹ کھیلی ہیں، لیکن انڈیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو میں چھ وکٹیں لے کر انہوں نے سب کو متاثر کیا تھا۔
آسٹریلیا کی چیف کوچ شیلی نٹشکے نے کہا، ’’لوسی اچھا باونس نکالتی ہیں اور ان کی گیند بازی میں الگ طرح کی طاقت ہے۔ ہماری گیند بازی کے حملے میں وہ الگ پہچان جوڑتی ہیں۔‘‘ گریس ہیرس کی ٹیم میں واپسی نچلے درجے کی بلے بازی کو مضبوطی دینے کے لیے کی گئی ہے۔ انہوں نے مارچ میں کوئینز لینڈ کو ڈبلیو این سی ایل فائنل جتانے میں سنچری بنائی تھی اور فروری میں رائل چیلنجرز بنگلورو کو ڈبلیو پی ایل خطاب جتانے میں بھی تعاون دیا تھا۔
آسٹریلیا کو اینابیل سدرلینڈ کی واپسی سے بھی مضبوطی ملی ہے، جنہیں کیریبین دورے پر آرام دیا گیا تھا۔ ٹیم میں اہم وکٹ کیپر کے طور پر صرف بیتھ مونی کو منتخب کیا گیا ہے۔ الیسا ہیلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد وہی وکٹ کیپنگ سنبھالیں گی۔ وہیں ٹالیا ولسن کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ بھیجا جائے گا۔
آسٹریلیا ورلڈ کپ سے پہلے 31 مئی، 2 جون اور 4 جون کو ارونڈیل کیسل میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین مشق میچ کھیلے گا۔ اس کے بعد 13 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہی اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا۔
آسٹریلیا کی خواتین ٹی20 ورلڈ کپ ٹیم:
سوفی مولینکس (کپتان)، ایشلے گارڈنر (نائب کپتان)، ٹالیا میک گرا (نائب کپتان)، نکولا کیری، کم گرتھ، لوسی ہیملٹن، گریس ہیرس، الانا کنگ، فوبی لیچ فیلڈ، بیتھ مونی (وکٹ کیپر)، ایلس پیری، میگن شٹ، اینابیل سدرلینڈ، جارجیا وول اور جارجیا ویئرہم۔
ریزرو کھلاڑی: ٹالیا ولسن (وکٹ کیپر)۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن