
وینکوور، یکم مئی (ہ س)۔ عالمی فٹ بال کی ریگولیٹری باڈی فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے جمعرات کو واضح کر دیا ہے کہ ایرانی فٹ بال ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لے گی اور اپنے میچ امریکہ میں ہی کھیلے گی۔ فیفا صدر نے وینکوور میں منعقدہ عالمی فٹ بال فیڈریشن کی کانگریس کے دوران یہ اعلان کیا۔
انفینٹینو نے اپنے خطاب کی شروعات کرتے ہوئے کہا، ’’میں شروعات میں ہی یہ تصدیق کرنا چاہتا ہوں کہ ایران یقینی طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لے گا اور اپنے میچ امریکہ میں کھیلے گا‘‘۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد کینیڈا، ریاستہائے متحدہ امریکہ اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں 11 جون سے 19 جولائی تک ہوگا۔ اس بار ٹورنامنٹ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی، جس سے ٹیموں اور حکام کو مختلف ممالک کے درمیان مسلسل سفر کرنا ہوگا۔ ایسے میں ویزا اور سفارتی تعلقات کو لے کر چیلنجز سامنے آ سکتے ہیں۔
ایران نے ایشیائی کوالیفائر کے تیسرے مرحلے میں گروپ-اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے لگاتار چوتھی بار ورلڈ کپ کے لیے جگہ بنائی ہے۔ حالانکہ، ایران فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ کشیدہ حالات کو لے کر تشویش ظاہر کی ہے۔
ایران کو گروپ-جی میں بیلجیئم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم کے مقابلے امریکہ کے لاس اینجلس اور سیٹل میں کھیلے جائیں گے۔
اگر امریکہ اور ایران اپنے اپنے گروپ میں دوسرے مقام پر رہتے ہیں، تو دونوں ٹیمیں 3 جولائی کو ڈلاس میں ہونے والے ناک آوٹ مقابلے میں آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔
ایران نے امریکہ میں میچ کھیلنے کے بجائے متبادل مقام کا مطالبہ کیا تھا، لیکن فیفا نے اسے مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ طے شدہ پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
اس دوران، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت ہوگی، لیکن ان کے ساتھ ایسے افراد کو آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جن کا تعلق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی (آئی آر جی سی) سے ہو۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن