ایل جی نے نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کی تیاریوں کا جائزہ لیا
ایل جی نے نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کی تیاریوں کا جائزہ لیا جموں، 09 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے جمعرات کو نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت آئندہ سو روزہ مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی
Lg


ایل جی نے نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں، 09 اپریل (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے جمعرات کو نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت آئندہ سو روزہ مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ حکام کے مطابق منشیات کے خاتمے کے مقصد سے شروع کی جانے والی اس مہم کے دوران بڑے پیمانے پر بیداری پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر 11 اپریل کو ایم اے اسٹیڈیم جموں سے ایک بڑی پدیاترا کا آغاز کریں گے، جبکہ اسی نوعیت کی تقریب مئی کے پہلے ہفتے میں سرینگر میں بھی منعقد ہوگی۔

اجلاس کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے طلبہ، نوجوانوں، این سی سی، این ایس ایس، اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز، رضاکاروں، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کی بھرپور شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مہم کو وسیع عوامی تحریک بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات کی آمد ایک بڑی بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچانا ہے، لہٰذا معاشرے کے ہر طبقے کو اس کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل اور سخت کارروائیوں کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ معصوم کو نہ چھیڑو اور مجرم کو نہ چھوڑو کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے، جبکہ متاثرین کی شناخت کر کے ان کی بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں مہم کے تحت مختلف سرگرمیوں اور محکموں کے ایکشن پلان پر بھی غور کیا گیا۔ حکام کے مطابق مؤثر عمل درآمد کے لیے یو ٹی اور ڈویژن سطح پر کمیٹیاں پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے مزید ہدایت دی کہ مہم میں عوامی تجاویز اور فیڈبیک کو شامل کیا جائے اور عام لوگوں کو بھی منشیات سے متعلق معاملات کی اطلاع دینے کی ترغیب دی جائے تاکہ اس مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری، اعلیٰ پولیس افسران، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande