
جے پوار کا کانگریس سے اظہارِ تشکر، کانگریس کی نامزدگی واپسی پر پوار خاندان کا ردعمل
ممبئی، 9 اپریل (ہ س)۔ بارامتی اسمبلی ضمنی انتخاب سے کانگریس کی جانب سے نامزدگی واپس لینے کے بعد سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے جے پوار نے کانگریس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ریاست میں سیاسی یکجہتی کی روایت کو تقویت ملے گی۔
جے پوار نے کہا کہ اجیت پوار نے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کیا تھا اور یہی اتحاد کی روایت آگے بھی برقرار رہے گی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اس انتخاب میں ان کی والدہ سنیترہ پوار کو ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل ہوں گے۔
جمعرات کو نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ تھی اور کانگریس کے فیصلے کے بعد بارامتی میں 56 میں سے 30 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، جس سے انتخابی منظرنامہ واضح ہوتا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کانگریس سے امیدوار واپس لینے کی درخواست خود سنیترا پوار نے کی تھی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس، چھگن بھجبل اور دھننجے منڈے نے بھی کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال سے فون پر رابطہ کر کے یہی اپیل کی تھی۔
اسی سلسلے میں جمعرات کی صبح نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈران کے ایک وفد نے گاندھی بھون جا کر سپکال سے ملاقات کی اور امیدوار واپس لینے کی درخواست کی۔ این سی پی (شرد پوار گروپ) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے بھی ذاتی طور پر ملاقات کر کے یہی مطالبہ دہرایا تھا۔
مزید برآں این سی پی (شرد پوار گروپ) کی رکن پارلیمنٹ سپریا سُلے نے بھی فون پر بات کی، جبکہ شرد پوار نے بھی یہی خواہش ظاہر کی تھی کہ انتخاب بلا مقابلہ ہو۔ سنیترا پوار نے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے بھی اس حوالے سے گفتگو کی تھی۔
اس پیش رفت کے بعد بارامتی ضمنی انتخاب میں بلامقابلہ انتخاب کے امکانات مزید مضبوط ہو گئے ہیں، اور سیاسی حلقوں میں اسے اہم اتفاق رائے کی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے