
گرمیوں کی تعطیلات 2 مئی سے، نیا تعلیمی سال 15 جون سے شروع ہوگا
امراوتی، 09 اپریل (ہ س)۔ مہاراشٹر میں اسکولی طلبہ کے لیے اس سال گرمیوں کی تعطیلات 2 مئی سے شروع ہوں گی، جبکہ نئے تعلیمی سال کا آغاز 15جون سے ہوگا۔ محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے نیا فیصلہ جاری کرتے ہوئے پہلے سے رائج 26 جون سے تعلیمی سال شروع کرنے کی روایت ختم کر دی ہے۔
ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت آنے والے پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے لیے 2 مئی سے باضابطہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ 28 مارچ کو جاری کردہ حکم کے مطابق اب تمام اسکولوں میں یکساں نظام الاوقات نافذ کیا جائے گا۔
ہر سال ودربھ علاقے میں شدید گرمی کے باعث اسکول 26 یا 27 جون سے شروع کیے جاتے تھے، تاہم اس سال اس رعایت کو ختم کرتے ہوئے 15 جون سے ہی تعلیمی سال شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر اساتذہ تنظیموں نے ناراضی ظاہر کی ہے۔
گرمی کے پیش نظر 15 جون سے 27 جون تک اسکولوں کے اوقات صبح 7 بجے سے 11 بج کر 45 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ 30 جون سے معمول کا شیڈول نافذ ہوگا۔
دوسری جانب دیگر تعلیمی بورڈز کے اسکولوں کو مقامی حالات کے مطابق تعطیلات کا اعلان کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اور ہدایت دی گئی ہے کہ طلبہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ فیصلہ کرے۔
اساتذہ تنظیموں نے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ہائی کورٹ کے ناگپور بنچ کی سابقہ ہدایات کے خلاف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ودربھ میں اسکول 26 جون کے بعد ہی شروع کیے جائیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے