تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ ، چیف سکریٹری سے ملاقات
حیدرآباد ،9 اپریل (ہ س)۔ ہند ۔ امریکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم کے اعلیٰ اختیاری وفد نے چیف سکریٹری کے رام کرشناراؤ سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ وفد میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی کمپنیوں کے نمائندے موجود تھے جو انشورنس، فینانشیل س
تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ ، چیف سکریٹری سے ملاقات


حیدرآباد ،9 اپریل (ہ س)۔ ہند ۔ امریکہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ فورم کے اعلیٰ اختیاری وفد نے چیف سکریٹری کے رام کرشناراؤ سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ وفد میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دینے والی کمپنیوں کے نمائندے موجود تھے جو انشورنس، فینانشیل سرویسز، اگریکلچر اور ٹکنالوجی جیسے شعبہ جات سے وابستہ ہیں ۔ چیف سکریٹری نے تلنگانہ کے مختلف شعبہ جات میں ترقی کی تفصیلات اور حکومت کے منصوبہ کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی نئی ریاست ہے جس کا قیام 2014 میں عمل میں آیا۔ گزشتہ ایک دہے کے دوران تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ہے۔ ریاست کی مجموعی شرح ترقی کے علاوہ انفرادی آمدنی میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اور خانگی شعبہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے ۔ چیف سکریٹری نے شہری علاقوں میں توسیع و ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کا شمار ملک کی ان ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں شہری علاقوں میں غیر معمولی انفراسٹرکچر ترقی ہوئی ہے ۔ تلنگانہ کی تقریباً ایک تہائی آبادی حیدرآباد میں قیام کرتی ہے جو انفارمیشن ٹکنالوجی اور فارما شعبہ جات میں ملک کا دارالحکومت بن چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے نئی صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے حیدرآباد میں گلوبل کیپبلٹی سنٹرس میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کا حوالہ دیا اورکہا کہ کئی قومی نامور تعلیمی ادارے اور صحت سے متعلق اداروں نے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے امریکی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ ریاست میں سرمایہ کاری کی صورت میں ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور تلنگانہ سرمایہ کاری کے معاملہ میں ہندوستان کا ترجیحی شہر بن جائے گا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر انڈسٹریز نکھل چکرورتی ، مالاچی برائن نوجینٹ، آر دیپک جوشی ، دیوریشٹ سنگھ اور انڈو یو ایس اسٹراٹیجک پارٹنرشپ فورم کے نمائندے موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande