
حیدرآباد ، 7 اپریل (ہ س) ۔ حیدرآباد پولیس کمشنروی سی سجّنار نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور متنبہ کیا کہ اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال ان کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرایک پوسٹ میں سجّنار نے کہا کہ بچپن، جوکبھی آؤٹ ڈور گیمزاوردادا دادی کے گاؤں کی سیر سے بھرا ہوتا تھا، اب تیزی سے موبائل اسکرین تک محدود ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس تبدیلی کی ایک وجہ والدین کی اپنی کاموں میں مصروفیت کو قرار دیا، جس کی وجہ سے بچے تنہائی کا شکار ہو کر موبائل کی طرف راغب ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بچے سوشل میڈیا پر اجنبیوں کا شکار بن سکتے ہیں اور شارٹ ویڈیو ’رئیلز‘ جیسے رجحانات کے عادی ہو سکتے ہیں،جواکثر ان کی صحت، نیند اور مجموعی طور پر ان کی فلاح و بہبود کی قیمت پر ہوتا ہے۔ انہوں نے شہرمیں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر بھی تشویش کا اظہارکیا جہاں چھوٹی چھوٹی باتوں پر ڈانٹنے سے دلبرداشتہ ہو کربچوں نے گھرچھوڑ دیے،جس سے ان کے خاندان گہرے کرب میں مبتلا ہوگئے۔
والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہ وہ گیجٹس کی بجائے اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کو ترجیح دیں۔سجّنار نے ان کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا، بشمول یہ کہ وہ کیا دیکھتے ہیں اور کس سے بات چیت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین بچوں کو جذباتی سہارا دیں، خاص طور پر امتحانات کے نتائج کے دوران اور پیار و محبت سے ان کی رہنمائی کریں۔ خاندان کے کردار پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے والدین کی چوکسی ہی سب سے مضبوط ڈھال ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق