
نئی دہلی، 30 اپریل (ہ س)۔ پی جی ڈی اے وی کالج (مارننگ) نے جمعرات کو تیسرے سوامی دیانند سرسوتی ٹی 20 ڈے نائٹ انٹر کالج کرکٹ ٹورنامنٹ میں ذاکر حسین دہلی کالج پر 93 رن سے شاندار جیت درج کی۔ آرین شرما اور انکت کمار نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پی جی ڈی اے وی (مارننگ) نے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 272 رن بنائے۔ آرین شرما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 131 رن کی شاندار سنچری اسکور کی۔ دوسرے بلے بازوں نے بھی کارآمد شراکتیں کیں، جس سے ٹیم کو مضبوط ٹوٹل بنانے میں مدد ملی۔
ہدف کے تعاقب میں ذاکر حسین دہلی کالج کی ٹیم دباؤ میں نظر آئی اور 16.1 اوور میں 179 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ لوکیش بینیوال نے 105 رن کی شاندار اننگز کھیلی، لیکن انہیں دوسرے بلے بازوں کی حمایت کی کمی تھی۔ پی جی ڈی اے وی (مارننگ) کے لیے انکت کمار نے آل راؤنڈ کارکردگی پیش کرتے ہوئے 55 رن بنائے اور 5 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی جیت کے ہیرو بن گئے۔ انہیں ان کی کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پی جی ڈی اے وی بلیو نے بھی 91 رن سے جیت درج کرائی۔ لیگ کے ایک اور میچ میں پی جی ڈی اے وی بلیو نے پی جی ڈی اے وی (ایوننگ) کو 91 رن سے شکست دی۔ پی جی ڈی اے وی بلیو نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 6 وکٹوں پر 240 رن بنائے۔ راہل بیگ نے 92 اور لکشیا بنسل نے 78 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ پربل سچدیو نے گیندبازی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 57 رن کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پی جی ڈی اے وی (ایوننگ) 20 اوور میں 9 وکٹوں پر صرف 149 رن ہی بنا سکی۔ لکشیہ شرما (28 رن) اور ونے دوبے (25 رن) نے سخت مقابلہ کیا لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ گیندبازی میں برائن جھا نے 3 اور دکش نے 2 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی