
حیدرآباد ، 3 اپریل (ہ س)
۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کیرالا کے وزیراعلی پی وجین اور بی آر ایس سربراہ کے سی آردونوں کرپشن، ناقص حکمرانی اور خاندانی راج کیلئے ملک میں شہرت رکھتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے آج مسلسل دوسرے دن کانگریس زیر قیادت یوڈی ایف کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کوچی میں یو ڈی ایف قائدین کے ہمراہ انتخابی منشور جاری کیا جس میں عوام سے کئی وعدے کئے گئے ہیں۔ کانگریس کے اسٹارکیمپینر کے طور پرریونت ریڈی کے کیرالا کی انتخابی مہم میں مصروف رہے ۔ اپوزیشن لیڈروی ڈی ستیشن کے ہمراہ ریونت ریڈی نے انتخابی منشور جاری کیا جس میں تلنگانہ کی طرح 6 ضمانتوں کا وعد کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پرکہا کہ تلنگانہ میں 10برسوں تک کے سی آرنے حکمرانی کی اور کیرالا میں پی وجین کی حکومت رہی۔ دونوں حکومتوں میں کئی اعتبارسے یکسانیت ہے۔ حکومت میں خاندان کی مداخلت، بڑے پیمانے پرکرپشن اور ناقص حکمرانی دونوں ریاستوں میں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ میں عوام نے حکومت کو تبدیل کرتے ہوئے کانگریس کو اقتدارکا موقع دیا، اسی طرح کیرالا کی عوام بھی تبدیلی کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے رائے دہندوں نے یو ڈی ایف برسراقتدارلانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بائیں بازو محاذ کو شکست ہوگی۔ وزیراعلی نے یو ڈی ایف کی ضمانتوں پرتنقید کرنے والی پارٹیوں کو چیلنج کیا کہ وہ تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے ضمانتوں پر عمل آوری کا مشاہدہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے تحت تلنگانہ میں نافذ اسکیمات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کیرالا میں عمل آوری کا یقین کیا جاسکتا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ اگرپی وجین اوران کے وزراء تلنگانہ کا دورہ کریں تو انہیں ضمانت پرعمل آوری سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کیرالا میں یو ڈی ایف کا سنہری دور شروع ہوچکا ہے ۔ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندرمودی اوروزیراعلی وجین پرسخت تنقید کی اور کہا کہ ملک کیرالا کومودی برادرس چلا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق