شمالی ریلوے نے اضافی ٹرین کے چکر چلانے کا اعلان کیا
شمالی ریلوے نے اضافی ٹرین کے چکر چلانے کا اعلان کیا جموں، 03 اپریل (ہ س)۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران عقیدت مندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئی دہلی اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین کے 40 اضافی چکر
Train


شمالی ریلوے نے اضافی ٹرین کے چکر چلانے کا اعلان کیا

جموں، 03 اپریل (ہ س)۔ شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران عقیدت مندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نئی دہلی اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین کے 40 اضافی چکر چلانے کا اعلان کیا ہے۔ سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کے مطابق، ٹرین کی غیر معمولی مقبولیت اور گزشتہ چکروں میں سو فیصد بکنگ کے باعث اس سروس کو 15 اپریل سے 16 جولائی تک جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرین نمبر 04081 نئی دہلی سے کٹرا کے لیے 15 اپریل سے 15 جولائی تک 40 چکر لگائے گی، جبکہ ٹرین نمبر 04082 کٹرا سے نئی دہلی کے لیے 16 اپریل سے 16 جولائی تک 40 اضافی چکر مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی ٹرین عقیدت مندوں، سیاحوں اور درمیان کے اسٹیشنوں سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے ایک سستا اور سہل ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔

شیڈول کے مطابق، ٹرین نمبر 04081 نئی دہلی سے رات 11 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہو کر اگلے دن دوپہر 12 بجے کٹرا پہنچے گی، جبکہ ٹرین نمبر 04082 کٹرا سے رات 9 بجے روانہ ہو کر اگلی صبح 10 بجے نئی دہلی پہنچے گی۔ یہ ٹرین پانی پت، کرکشیتر، امبالہ کینٹ، لدھیانہ، جالندھر کینٹ، پٹھانکوٹ کینٹ، جموں اور شہید کیپٹن تشار مہاجن ریلوے اسٹیشنوں پر دونوں سمتوں میں رکے گی۔ حکام کے مطابق، 21 کوچز پر مشتمل یہ خصوصی ٹرین مسافروں کے لیے کنفرم ٹکٹ کے امکانات میں اضافہ کرے گی اور رش کے دوران سفری سہولت فراہم کرے گی۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande