
ایل جی نے لداخ یو ٹی حج کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی
جموں، 29 اپریل (ہ س)۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر و کے سکسینہ نے لداخ یو ٹی حج کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کو تین سالہ مدت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق غلام عباس عابدی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اراکین میں آشے مالو، محمد حسین، شیخ لیاقت علی، حاجی غلام محمد، بلال احمد اور زہرہ بانو شامل ہیں۔ یہ فیصلہ سابق حج کمیٹی کی مدت 2025 میں مکمل ہونے کے بعد کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئی حج کمیٹی کی تشکیل کا مقصد لداخ کے عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کے سفر کو محفوظ اور سہل بنانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی کے ارکان عازمین کی خدمت میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔ حکام کے مطابق کمیٹی کی تشکیل متعلقہ حلقوں سے مشاورت کے بعد عمل میں لائی گئی ہے تاکہ نمائندگی کو موثر بنایا جا سکے۔
یو ٹی حج کمیٹی عازمین حج کی درخواستوں کی جانچ، ویکسینیشن اور تربیتی پروگراموں کی تنظیم، رہنمائی فراہم کرنے اور مرکزی حکام کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے سمیت حج کے پورے عمل کے دوران سہولیات اور معاونت کی فراہمی کی ذمہ دار ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر