
نئی دہلی، 20 اپریل (ہ س)۔ بھارت کے دورے پر آئے ہوئے جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کا پیر کے روز راشٹرپتی بھون کے صحن میں رسمی استقبال کیا گیا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا۔ صدر لی 19 سے 21 اپریل تک بھارت کے دورے پر ہیں۔
اس کی اطلاع دیتے ہوئے صدر جمہوریہ مرمو نے ایکس پر لکھا کہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کا راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا گیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا، بھارت-جنوبی کوریا خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے بڑھانا۔ صدر لی جے میونگ کا راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے روایتی استقبال کیا۔
اس سے قبل صدر لی جے میونگ نے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے راج گھاٹ کا دورہ کیا۔ اس کی اطلاع دیتے ہوئے رندھیر جیسوال نے ایکس پر لکھا کہ امن، ہم آہنگی اور بہتر دنیا کے لیے جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور امن اور عدم تشدد کی اقدار کے تئیں احترام کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کا آغاز 2010 میں ہوا تھا۔ اس کے تحت دونوں ممالک دفاع، تجارت، ٹیکنالوجی، سیمی کنڈکٹرز، بیٹریاں، سائبر سیکیورٹی اور ہند بحرالکاہل کے خطے میں تعاون کو بڑھا رہے ہیں۔ جنوبی کوریا بھارت کا ایک بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ توقع ہے کہ اعلی سطحی مذاکرات تجارت، دفاعی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہند بحرالکاہل کے خطے میں امن و استحکام پر مرکوز ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد