
نئی دہلی، 20 اپریل (ہ س)۔ شمال مغربی دہلی کے آدرش نگر تھانہ علاقے میں موبائل فون کو لے کر جھگڑا خونی لڑائی میں بدل گیا۔اس واقعہ میں ایک خاتون کو چاقو مار کر کے قتل کر دیا گیاجبکہ اس کا شوہر شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ دہلی پولیس کی کئی ٹیمیں اس کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہیں۔
شمال مغربی ضلع کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس آکانکشا یادو نے پیر کو بتایا کہ 19 اپریل کی رات تقریباً 9:01 بجے آزاد پور میں ٹی پی ٹی سینٹرجھگی کے قریب ریلوے پٹریوں کے قریب چاقوبازی کے واقعہ کی اطلاع ملی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ آشو نامی نوجوان جائے وقوعہ پر زخمی حالت میں پایا گیا اور اسے فوری طور پر بابو جگجیون رام اسپتال لے جایا گیا۔ اس کی بیوی راکھی بھی جائے وقوعہ پر شدید زخمی پائی گئی۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ خاندان اور ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ مقامی نوجوانوں نے مقتول کے بیٹے کا موبائل فون چھین لیا۔ جب آشو اور اس کی بیوی راکھی نے احتجاج کیا تو دونوں فریق میں جھگڑا شروع ہوگیا جو جلد ہی پرتشدد لڑائی میں بدل گیا۔ الزام ہے کہ اس دوران دو نوجوانوں نے چاقو نکال کر آشو اور اس کی بیوی پر حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمی آشو اسپتال میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ اس کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس افسر کے مطابق ملزمان کی شناخت ریتک، کنال اور ارباز کے طور پر ہوئی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد