
نئی دہلی، 2 اپریل(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہنومان جنم اتسو کے موقع پر جمعرات کو چراغ دہلی میں ایک شاندار شوبھا یاترا کا اہتمام کیا۔ یہ یاترا صبح 9 بجے قدیم شیو مندر سے شروع ہوئی اور پورے چراغ دہلی کا چکر لگانے کے بعد وہیں اختتام پذیر ہوئی۔ اس شوبھا یاترا میں بڑی تعداد میں ہنومان بھکتوں نے شرکت کی اور پرساد حاصل کر کے ہنومان جی کا آشیرواد لیا۔ سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ انہوں نے بجرنگ بلی سے دنیا میں جاری لڑائی جھگڑوں کے خاتمے اور امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کی دعا کی۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ہنومان جنم اتسو کے موقع پر ایک عظیم الشان شوبھا یاترا کا انعقاد کیا گیا، جس میں اطراف کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے دعا کی کہ بجرنگ بلی ہنومان دہلی، ملک اور پوری دنیا پر اپنا کرم برقرار رکھیں تاکہ دنیا میں جاری تنازعات ختم ہوں اور پوری دنیا دوبارہ امن اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھے۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ابھی تک وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا یہ واضح نہیں کر پائیں کہ پنک ٹکٹ کو ختم کر کے پنک کارڈ لانے کا کیا فائدہ ہے؟ ان کے مطابق اس کا مقصد صرف کچھ غریب پوروانچلی خواتین، راجستھان اور ہریانہ کی خواتین، نوئیڈا اور گروگرام کی خواتین، اتر پردیش اور بہار کی خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت سے محروم کرنا ہے اور پنک کارڈ کے نام پر عوام سے وصولی کرنا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ غریب خواتین کو لمبی قطاروں میں کھڑا کر کے انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ریکھا گپتا کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنک کارڈ کا ایک بھی ایسا فائدہ بتائیں جو پنک ٹکٹ میں موجود نہیں تھا اور پنک کارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais