
کھڑگ پور، 02 اپریل (ہ س)۔ بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش کو جمعرات کو مغربی میدینی پور ضلع میں کھڑگ پورکے پوری گیٹ علاقے میں مقامی لوگوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق ، وارڈ نمبر 27 کے پوری گیٹ کے علاقے میں ریلوے کی جانب سے ناجائز تجاوزات ہٹانے کا نوٹس جاری کیے جانے کے بعدپہلے ہی کشیدگی تھی۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ نوٹس کے باوجود دلیپ گھوش یا دیگر بی جے پی لیڈر متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے نہیں آئے۔
جمعرات کی صبح جب دلیپ گھوش انتخابی مہم کے لیے علاقے میں پہنچے تو مشتعل مظاہرین نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود انہوں نے مشکل وقت میں عوام کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے۔
مقامی لوگوں نے نہ صرف دلیپ گھوش کے خلاف بلکہ ان کے ساتھ آنے والے بی جے پی کارکنوں کے خلاف بھی غصے کا اظہار کیا۔ ”جے بنگلہ“ اور ”جے شری رام“ کے نعروں نے صورتحال کو مزید خراب کردیا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ریلوے نوٹس کے وقت بی جے پی لیڈر موجود نہیں تھے، اس لیے ان کی اچانک موجودگی لوگ مزید مشتعل ہو گئے۔
واقعے کے دوران پوری گیٹ علاقے میں سڑک کچھ دیر کے لیے بلاک رہی اور ماحول کشیدہ رہا۔ انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے جدوجہد کی۔ اس واقعے نے علاقے میں سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا ہے اور مقامی باشندے آئندہ انتخابات کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد