
کولکاتہ، 2 اپریل (ہ س)۔
ووٹر لسٹ سے نام حذف کرنے کے الزامات کو لے کر مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کے کئی علاقوں میں جمعرات کی صبح مسلسل دوسرے دن مظاہرے اور سڑکیں بند ہوئیں۔ ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جس سے قومی اور ریاستی شاہراہوں پر ٹریفک میں شدید خلل پڑا۔
مظاہرین کا الزام ہے کہ حتمی ووٹر لسٹ اور سپلیمنٹری لسٹ دونوں سے بڑی تعداد میں لوگوں کو نکال دیا گیا ہے۔ یہ غصہ پچھلے کچھ دنوں سے بڑھ رہا تھا، اور اب احتجاج کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
مالدہ اسمبلی حلقہ میں منگلا باڑی گرام پنچایت کے نارائن پور علاقے میں ہزاروں لوگوں نے نیشنل ہائی وے 12 (کولکاتہ-سلی گوڑی روڈ) کو بلاک کر دیا، جس کی وجہ سے طویل ٹریفک جام ہو گیا اور مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انگریزی بازار اور مانی چک کے علاقوں میں بھی اسی طرح کے مظاہروں کی اطلاع ہے۔
دریں اثناء ، سات جوڈیشل افسران، بشمول تین خواتین، جو اسپیشل انٹینسیو رویژن کے عمل میں شامل تھے، بدھ کے روز موتھا باڑی اسمبلی حلقہ کے کالی چک-2 بلاک ڈیولپمنٹ آفس میں گھیراو کر لیا تھا۔مرکزی فورسز رات دیر گئے پہنچیں اور تمام افسران کو بحفاظت باہر نکالا۔
جمعرات کو احتجاج دوبارہ شروع ہوا۔ مظاہرین کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن نے منتخب کمیونٹیز کے لوگوں کے نام فہرست سے ہٹا دیے ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں مرکزی فورسز کو تعینات کر دیا ہے۔
مانک چک کے علاقے میں بھی ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا جس میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات معمول پر لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ