
حیدرآباد 2 ۔ اپریل (ہ س) ۔تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع کے ایک سوئمنگ پول میں ایک حاملہ خاتون اور اس کی دو بیٹیوں کی لاشیں ملنے سے کہرام مچ گیا ہے۔ اہل خانہ نے بدکاری کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے شوہر کے کردار پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں اور اس کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایک حاملہ خاتون اور اس کی دو بیٹیوں کو دھرانی لے آؤٹ کے سوئمنگ پول میں مشتبہ حالت میں ڈوبا ہوا پایا گیا، جو کہ ہنمکنڈہ ضلع (سابقہ ورنگل دیہی) کے ایناولو منڈل کے پنیلا گاؤں کے مضافات میں واقع ایک رئیل اسٹیٹ وینچر ہے۔ مرنے والوں کی شناخت فرحت (26)، اس کی بیٹی عمیرہ (8) اور عائشہ (6) کے طور پر ہوئی ہے۔ خاتون کے شوہر اظہر الدین تینوں کو ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹل لے گئے، لیکن وہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اظہر الدین نے دعویٰ کیاکہ تینوں سوئمنگ پول میں گرنے کے بعد ڈوب گئے۔ مقتول خاتون فرحت کے والد شیخ علی نے اپنے داماداظہر الدین پر اپنی بیٹی اور اس کی دو بیٹیوں کے قتل کاالزام لگایا ہے۔ ان کا کہناہے کہ اظہرالدین اسے خودکشی جیسا دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جمعرات کو ایم جی ایم ہاسپٹل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرحت کی خالہ ممتاز نے بھی اظہر الدین کے کردار پر شکوک کااظہار کیا۔ اس نے بتایا کہ اظہر الدین سیمنٹ کی اینٹ بنانے کا کام کرتا ہے، جبکہ اس کے والد رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ممتاز کے مطابق جس سوئمنگ پول میں یہ واقعہ پیش آیا وہ اظہر الدین کے خاندان کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہر الدین اپنی بیوی اور بچوں کو بدھ کی رات وقت گزارنے کے لیے وہاں لے گئے تھے اور بعد میں ان کی لاشیں ہاسپٹل لے آئے۔ ممتاز نے یہ بھی الزام لگایا کہ فرحت کو پہلے بھی دو بار اسقاط حمل کروانے پر مجبور کیا گیا تھا کیونکہ اس کا شوہر لڑکی نہیں چاہتا تھا۔ اس بار دونوں ایک ہی معاملے پر جھگڑ رہے تھے، کیونکہ اظہرالدین ایک بار پھر اس پر جنس کے تعین کے ٹیسٹ کے بعد اسقاط حمل کرانے کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے، لیکن فرحت اور اس کے والدین اس پر راضی نہیں تھے۔
پولیس نے مقتول کے والد شیخ علی کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس آئی پاستم سرینواس نے بتایا کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جارہی ہے۔ دونوں خاندان ایک ہی پنیلا گاؤں سے ہیں۔ اس لیے انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر پولیس کو تعینات کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق