کولکاتا پہنچے امت شاہ، شبھیندو ادھیکاری کے نامزدگی پروگرام میں شامل ہوں گے
کولکاتا، 02 اپریل (ہ س)۔ بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ بدھ کی دیر رات کولکاتا پہنچے۔ دمدم کے نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال مغربی بنگال اسمبلی میں حزبِ اختلاف رہنما شبھیندو ادھیکاری، ریاستی بی
امت شاہ کا استقبال کرتے بی جے پی لیڈر۔


کولکاتا، 02 اپریل (ہ س)۔ بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ بدھ کی دیر رات کولکاتا پہنچے۔ دمدم کے نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا استقبال مغربی بنگال اسمبلی میں حزبِ اختلاف رہنما شبھیندو ادھیکاری، ریاستی بی جے پی صدر شمک بھٹاچاریہ، سابق ریاستی صدر اور مرکزی وزیر سکانت مجومدار سمیت پارٹی کے کئی سینئر رہنماوں نے کیا۔

بی جے پی کے مطابق، امت شاہ جمعرات کو شبھیندو ادھیکاری کے نامزدگی پروگرام میں شامل ہوں گے۔ شبھیندو ادھیکاری بھوانی پور اسمبلی سیٹ سے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف کاغذاتِ نامزدگی داخل کریں گے۔ اس حوالے سے بی جے پی کی جانب سے وسیع تیاریاں کی گئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ نامزدگی سے پہلے ہاجرہ موڑ سے سروے بلڈنگ تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی۔ اس ریلی میں بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنوں اور حامیوں کی شرکت کا امکان ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ بھی اس ریلی میں حصہ لیں گے اور اس کے بعد نامزدگی کے پروگرام کے دوران موجود رہیں گے۔

بی جے پی رہنماوں کا کہنا ہے کہ یہ نامزدگی محض ایک رسمی عمل نہیں بلکہ ریاست میں سیاسی تبدیلی کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ پارٹی اس پروگرام کے ذریعے طاقت کے مظاہرے کی بھی تیاری کر رہی ہے۔

سیکورٹی کے پیشِ نظر ریلی کے راستے اور نامزدگی کے مقام کے آس پاس پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کے نظام میں بھی ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ کسی قسم کی بد نظمی نہ ہو۔ اس پورے علاقے میں نو انٹری لگائی گئی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ بھوانی پور سیٹ ریاست کی اہم اسمبلی سیٹوں میں شمار کی جاتی ہے، جہاں اس بار مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں گجراتی اور ہندی زبان بولنے والے طبقے کے لوگ رہتے ہیں، جبکہ 17 فیصد رائے دہندگان مسلمان ہیں۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ہر بار کی طرح اس بار بھی اس سیٹ سے جیت درج کریں گی۔ شبھیندو ادھیکاری بھوانی پور کے ساتھ نندی گرام سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، جہاں سے وہ فی الحال رکن اسمبلی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande