
برسبین، 18 اپریل (ہ س)۔آسٹریلیائی جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ابھرتے ہوئے اسپرنٹر گاؤٹ گاؤٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 میٹر کاخطاب جیت لیا۔ 18 سالہ اسپرنٹر نے 10.21 سیکنڈ کا وقت لے کر فائنل جیتا، حالانکہ وہ قومی ریکارڈ توڑنے سے محروم رہ گئے۔
گاؤٹ کی شروعات خراب رہی اور وہ 50 میٹر پر دوسرے نمبر پر تھے، لیکن پھر زور دار واپسی کرتے ہوئے زیویئر پیاکاک (10.35 سیکنڈ) اور یوویزو لوبینڈا (10.37 سیکنڈ) کو پیچھے چھوڑ دیا۔جیت کے آخری لمحات میں انہوں نے شائقین کی جانب ہاتھ ہلا کر جشن بھی منایا۔
اس جیت کے ساتھ ہی، گاؤٹ نے اگست میں امریکہ کے یوجین میں ہونے والی ورلڈ انڈر-20 چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ تاہم ان کا ہدف 10 سیکنڈ سے کم وقت میں ریس مکمل کرنا تھا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
قابل ذکر ہے کہ گاؤٹ کا وقت آسٹریلیا کے قومی ریکارڈ (9.93 سیکنڈ) سے کم رہ گیا، جسے پیٹرک جانسن نے 2003 میں قائم کیا تھا۔
گاؤٹ نے حال ہی میں 200 میٹر میں انڈر 20 ورلڈ ریکارڈ بنا کر سرخیاں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے 19.67 سیکنڈ کا وقت نکال کر ایریئن نائٹن کا ریکارڈ توڑ دیا اور عظیم ایتھلیٹ اوسین بولٹ کے جونیئرسطح کے وقت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اپنی کارکردگی پر گاؤٹ نے کہا کہ یہ اچھی شروعات نہیں تھی لیکن میں جیت کے دوڑا۔ زیادہ شائقین کی موجودگی سے دباو بڑھتا ہے ، لیکن وہی آپ کو مزید بہتر مظاہرہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
-------------
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد