
کنچن کنج میں ایس آئی او کا خصوصی پروگرام
اسٹار آف دی منتھ اور اذان مقابلہ کے انعامات کی تقسیم، سیکرٹری ایس آئی او دہلی کا خطاب
نئی دہلی،05مارچ (ہ س )۔
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) کنچن کنج کے زیرِ اہتمام ایس آئی او اسٹارز کے لیے ایک خصوصی اور باوقار پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں تقریباً 100 طلبہ (اسٹارز) نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد طلبہ کی دینی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمی اور ہم نصابی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب کے دوران اسٹار آف دی منتھ ایوارڈز اور اذان مقابلہ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر SIO دہلی کے سیکرٹری برادر الفاظ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، اور اگر ان کی صحیح رہنمائی کی جائے تو وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی او کا مقصد نوجوان نسل کی ہمہ جہت تربیت ہے، تاکہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ کردار سازی، دینی شعور اور قیادت کی صلاحیتوں میں بھی آگے بڑھیں۔ انہوں نے اذان مقابلہ جیسے پروگراموں کو اسلامی شناخت کے فروغ کا مو¿ثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور دین و ملت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔
پروگرام کا اختتام اجتماعی افطار پر ہوا، جس کے بعد شرکاء نے باجماعت نمازِ مغرب ادا کی۔ پروگرام خوشگوار اور روحانی ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais