
حیدرآباد، 05 مارچ (ہ س) ۔ ماہِ مبارک رمضان کی بابرکت فضاؤں میں خدمتِ خلق اور ایثار کے جذبے کو فروغ دیتے ہوئے محکمۂ کوتوالی (پولیس ڈپارٹمنٹ) سے وابستہ سماجی شخصیت ایس۔ ایم۔ رضی اللہ نے گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کے غریب، یتیم اور مستحق طلبہ میں عیدالفطر کے لئے نئے کپڑوں کی تقسیم کا اہتمام کیا۔ اس انسان دوست اقدام نے اسکول کے متعدد ضرورت مند طلبہ کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی اور انہیں عید کی حقیقی مسرت سے ہمکنار کر دیا۔ طلبہ اور اساتذہ نے رضی اللہ کے اس جذبۂ ہمدردی اور سخاوت کو بے حد سراہا۔ نئے کپڑوں کی فراہمی نے ان بچوں کے دلوں میں خوشی اور امید کی ایک نئی روشنی پیدا کی، جو معاشی طور پر کمزور پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں اس طرح کی فلاحی سرگرمیاں معاشرے میں ہمدردی، محبت اور باہمی تعاون کے جذبات کو مضبوط کرتی ہیں۔ اسلامی تعلیمات میں یتیموں اور ضرورت مندوں کی کفالت کو نہایت فضیلت حا صل ہے۔ قرآن و حدیث میں ایسے افراد کے لیے عظیم اجرو ثواب کی بشارت دی گئی ہے جو معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے یتیموں کی کفالت کرنے والوں کےلیے جنت میں قربت کی خوشخبری سنائی ہے۔ جناب ایس۔ ایم۔ رضی اللہ کا یہ اقدام اسی مبارک تعلیم کا عملی نمونہ ہے۔
گورنمنٹ ہائی اسکول غوث نگر کے صدر مدرس شاہد علی حسرت، معزز اساتذہ کرام اور اسکول انتظا میہ نے ایس۔ ایم۔ رضی اللہ کے اس بروقت اور مخلصانہ اقدام پر دلی تشکر اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف مستحق طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں خدمتِ انسانیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے دعا کی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق