
تلنگانہ یونیورسٹی ساؤتھ کیمپس میں ہولی پر طلبہ میں تصادم، 7 طلبہ معطلحیدرآباد، 05 مارچ (ہ س)۔ ضلع کاماریڈی کے علاقہ بھکنور میں واقع تلنگانہ یونیورسٹی ساؤتھ کیمپس میں ہولی کی تقریب کے دوران طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوگئی۔ ہاسٹل وارڈن یلادری کے مطابق، سینئر طلبہ کی جانب سے جونیئرس پر مبینہ حملے کے نتیجہ میں ایک جونیئر طالب علم کے سر پر شدید زخم آئے۔ اس واقعہ کے خلاف جونیئر طلبہ نے مشتعل ہو کر سڑک پر احتجاج شروع کر دیا جس کے بعد پولیس اور وارڈن نے موقع پر پہنچ کر طلبہ کو سمجھا بجھا کر صورتحال پر قابو پایا۔ زخمی طالب علم کو فوری طور پر طبی امداد کے لئے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اے بی وی پی کی قیادت میں طلبہ نے پرنسپل کے چیمبر کے سامنے دھرنا دیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ابتدائی تحقیقات اور تدریسی عملہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں یونیورسٹی انتظامیہ نے اس حملہ میں ملوث سات سینئر طلبہ کو ہاسٹل سے معطل کر دیا ہے۔ پرنسپل سدھاکر نے واضح کیا کہ مزید تادیبی کارروائی مکمل ہونے تک ان طلبہ کی معطلی برقرار رہے گی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق