
جموں, 31 مارچ (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ حکومت رواں سال 25 ہزار خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔قانون ساز اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس ہدف کے حصول کے لیے سنجیدہ ہے اور سال کے دوران تمام اسامیوں کو بھرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر اجلاس کے دوران متعدد بار بحث ہو چکی ہے، جس میں ایل جی کے خطاب، بجٹ اور گرانٹس پر گفتگو بھی شامل ہے۔یہ بات انہوں نے رکن اسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرا کے سوالات کے جواب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بھرتی کا عمل شفاف اور مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ وقت کا مطلب عجلت میں فیصلے کرنا نہیں ہے، کیونکہ اس سے معاملات عدالتوں میں جا سکتے ہیں اور بھرتی کا عمل رک سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ماضی میں کئی سلیکشن لسٹس عدالتوں میں چیلنج ہوئیں، جن کے باعث فیصلوں میں تاخیر ہوئی اور بعض امیدوار عمر کی حد سے تجاوز کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس عمل میں توازن برقرار رکھتے ہوئے شفاف اور بروقت بھرتی کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر