
گیا ،29مارچ(ہ س)۔ محکمہ ڈاک، حکومت ہند نے گیا (بہار) کے معروف تعلیمی ادارے ’بنات ماڈل اسکول‘ کے بانی ناصر الدین خان صاحب کی تعلیمی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے نام اور تصویر پر مشتمل ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔ ناصر الدین خان صاحب نے اپنی پوری زندگی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے، بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کی قائم کردہ درسگاہ ’بنات ماڈل اسکول‘ آج بھی گیا اور گرد و نواح میں علم کی شمع روشن کر رہی ہے۔ محکمہ ڈاک کی جانب سے اس اعزاز کو ان کی علمی و ادبی وراثت اور بے لوث سماجی خدمات کا ایک بڑا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ان کے صاحبزادے جناب جاوید اقبال خان نے محکمہ ڈاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:ہم محکمہ ڈاک کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے میرے والد محترم کی خدمات کو یاد رکھا اور انہیں اس معتبر اعزاز سے نوازا۔ یہ نہ صرف ہمارے خاندان کے لیے بلکہ گیا کے تمام علم دوست حلقوں کے لیے ایک بڑے فخر کی بات ہے۔شہر کے معززین اور سماجی شخصیات نے بھی اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے اسے ایک نیک مقصد کے لیے زندگی گزارنے والی شخصیت کو بہترین خراجِ عقیدت قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais