پی ای ایس یونیورسٹی (بنگلور) میں مسلم طالب علم کے ساتھ معاندانہ سلوک اور پروفیسر کی جانب سے ”دہشت گرد“ کہے جانے کی سخت مذمت: آل انڈیا ملی کونسل
بنگلور، 28 مارچ (ہ س)۔ آل انڈیا ملی کونسل نے پی ای ایس (PES) یونیورسٹی، بنگلور کے ایک پروفیسر کی جانب سے کلاس روم کے اندر ایک مسلم طالب علم، عفان کو ”دہشت گرد“ کہہ کر پکارنے کے شرمناک اور انتہائی افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔کونسل کے
پی ای ایس یونیورسٹی (بنگلور) میں مسلم طالب علم کے ساتھ معاندانہ سلوک اور پروفیسر کی جانب سے ”دہشت گرد“ کہے جانے کی سخت مذمت: آل انڈیا ملی کونسل


بنگلور، 28 مارچ (ہ س)۔ آل انڈیا ملی کونسل نے پی ای ایس (PES) یونیورسٹی، بنگلور کے ایک پروفیسر کی جانب سے کلاس روم کے اندر ایک مسلم طالب علم، عفان کو ”دہشت گرد“ کہہ کر پکارنے کے شرمناک اور انتہائی افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔کونسل کے مرکزی دفتر سے جاری کردہ بیان میں معاون جنرل سیکرٹری سلیمان خان نے اس بات پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے مقدس مراکز، جہاں اخلاقیات اور رواداری کا سبق دیا جانا چاہیے، وہاں اس طرح کی متعصبانہ اور نفرت انگیز ذہنیت پروان چڑھ رہی ہے۔ ایک طالب علم کو صرف اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنانا نہ صرف تعلیمی آداب کے خلاف ہے بلکہ یہ ملک کے آئین اور انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ پروفیسر کی محض معطلی یا عارضی سبکدوشی اس سنگین جرم کا مداوا نہیں ہے۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ متعلقہ پروفیسر کو فوری اور مستقل طور پر برطرف کرے۔سلیمان خان نے حکومتِ کرناٹک اور پولیس انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پروفیسر کے خلاف نفرت انگیز تقریر (Hate Speech) اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ کیمپس کے اندر اقلیتی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے طلبہ خود کو محفوظ محسوس کریں اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدِ باب کرنے کے لیے ٹھوس پالیسی وضع کی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آل انڈیا ملی کونسل متاثرہ طالب علم عفان اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ تعلیمی اداروں میں ”اسلامو فوبیا“ اور نفرت کی کسی بھی شکل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande