
تہران/تل ابیب، 28 مارچ (ہ س)۔ اسرائیل کی جانب سے ہفتہ کی صبح ایران کے سویلین اور جوہری ٹھکانوں پر کیے گئے حملے پر ایران کا سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔ ایران نے کہا کہ اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے اور اسے اس کی بہت بڑی قیمت چکانی ہوگی۔ اس کے بعد ایران نے اسرائیل کے آسمان پر میزائلوں کی بوچھار کر دی۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
الجزیرہ اور ’دی ٹائمز آف اسرائیل‘ کی رپورٹ کے مطابق، وسطی اسرائیل پر ایران نے بیلسٹک میزائل داغے۔ ملک کے وسطی حصے میں چھ مختلف مقامات پر ان کے ٹکڑے گرے، جس سے عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوب میں میزائل کو روکنے کے عمل کے دوران گرنے والے ملبے سے دو دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل ایران نے جمعہ کو اسرائیل پر چھ بار حملہ کیا۔ ایک حملے میں کلسٹر بم وار ہیڈ سے لیس میزائل داغا گیا، جس سے ایک بڑے علاقے میں چھوٹے چھوٹے بم گرے اور آگ لگ گئی۔
رپورٹ کے مطابق، امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے کئی اہم جوہری ٹھکانوں پر زوردار حملے کیے ہیں۔ ان حملوں نے مشرقِ وسطیٰ میں تناو کو انتہا پر پہنچا دیا ہے۔ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق، یزد صوبے کے اردکان میں واقع ’یلو کیک‘ پلانٹ اور اراک میں واقع ’شاہد خونداب ہیوی واٹر کمپلیکس‘ پر حملے ہوئے ہیں۔ ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم نے کہا ہے کہ ان حملوں سے کوئی تابکار آلودگی نہیں پھیلی اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا ہے۔ تاہم، اسرائیلی میڈیا نے ان حملوں کو ایران کے جوہری پروگرام کے لیے بڑا جھٹکا قرار دیا ہے۔ ان حملوں کے جواب میں ایران نے اسرائیل کے تل ابیب اور ڈیمونا جیسے علاقوں پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن