
کولکاتا، 27 مارچ (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے کولکاتا کے باگھا جتن علاقے میں فائرنگ کے واقعہ پر سخت موقف اپناتے ہوئے کولکاتا پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے جمعہ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ترنمول کانگریس کے کارکن راہل ڈے (36) کی موت ہوگئی، جب کہ جیت مکھرجی نامی ایک اور شخص گولیوں سے زخمی ہوا۔
الیکشن کمیشن نے اس معاملے میں مقامی پولیس اسٹیشن سے کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی معلومات طلب کی ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ بدھ کی رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب ایک مکان کی چھت پر دو گروپوں کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا۔بتایا جا رہا ہے کہ وہاں موجود لوگ شراب پی رہے تھے جب اچانک فائرنگ شروع ہو گئی۔
پولیس نے اس معاملے میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دیپ رائے، بِدھان بنرجی، راجہ بنک اور جینتا گھوش کے طور پر کی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جوئے کی رقم کی تقسیم پر تنازعہ پیدا ہوا۔ سبھی ملزمین کا تعلق مقامی ترنمول کانگریس سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق راہل ڈے اور جیت مکھرجی ایک دوسرے کو جانتے تھے، حالانکہ وہ طویل عرصے سے رابطے میں نہیں تھے۔ بدھ کی رات جیت مکھرجی کے گھر پر ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں راہل ڈے کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس کے بعد، سبھی چھت پر جمع ہوئے، جہاں مبینہ طور پر شراب نوشی کی گئی تھی۔
رات12:30 بجے کے قریب، آس پاس کے لوگوں نے گولی چلنے کی آواز سنی۔ بتایا گیا ہے کہ تقریباً تین راو¿نڈ فائر کیے گئے۔ فائرنگ کے بعد چھت پر موجود دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ ان میں سے ایک کے ذریعے ہی راہل ڈے کے اہل خانہ کو اس واقعہ کا علم ہوا۔
دریں اثنا، الیکشن کمیشن نے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے بسنتی علاقے میں دو سیاسی گروپوں کے درمیان دن کے وقت ہونے والی جھڑپوں پر بھی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس واقعہ کے بعد سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا اور مقامی باشندوں میں خوف کو دور کرنے کے لیے علاقے میں فلیگ مارچ کیا گیا۔ مقامی پولیس اسٹیشن کا ایک سب انسپکٹر مبینہ طور پر جھڑپ میں شدید زخمی ہوگیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد