ایران پر ایک ناجائز جنگ مسلط کی گئی، اس کے حق میں کوئی بھی آواز بلند نہیں کرے گا۔ وزیر اعلیٰ
جموں, 27 مارچ (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز ایران سے متعلق جاری تنازع کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور ناجائز جنگ قرار دیا اور اس کے انسانی و علاقائی اثرات پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بات جموں و کشم
Cm


جموں, 27 مارچ (ہ س)۔

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز ایران سے متعلق جاری تنازع کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی اور ناجائز جنگ قرار دیا اور اس کے انسانی و علاقائی اثرات پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے یہ بات جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایوان سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جس طرح ایران پر ایک ناجائز جنگ مسلط کی گئی، اس کے حق میں کوئی بھی آواز بلند نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازع میں ہونے والی جانی نقصان انتہائی افسوسناک ہے، جس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت ان کے قریبی ساتھیوں اور رشتہ داروں کی ہلاکت شامل ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیر اعلیٰ نے عام شہریوں، خاص طور پر بچوں کی ہلاکت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اسکولی بچیوں کا بہیمانہ قتل حالیہ تاریخ میں ایک افسوسناک اور غیر معمولی واقعہ ہے، جس کا مقصد بھی واضح نہیں ہے۔

انہوں نے عالمی طاقتوں کے بدلتے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی حکومت کی تبدیلی کی بات کی جاتی ہے، کبھی آبنائے ہرمز اور کبھی تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیا جاتا ہے، جس سے اس جنگ کی اصل وجہ ہی مشکوک نظر آتی ہے۔

عمر عبداللہ نے کہا کہ اس تنازع کے اثرات بھارت پر بھی براہ راست پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں بھارتی شہری ایران میں پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ملک میں پٹرول پمپوں پر لمبی قطاریں بھی اسی صورتحال کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ نے نہ صرف عملی بلکہ جذباتی طور پر بھی لوگوں کو متاثر کیا ہے اور عوام کے احساسات کو ٹھیس پہنچی ہے، اس لیے ایوان میں اس پر اظہار خیال کرنا سب کا حق ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے ایران، امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور انہوں نے بطور وزیر مملکت برائے امور خارجہ اپنے دور میں ایران کے ساتھ تعلقات کا خود مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ اپنے سفارتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے اس جنگ کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کردار ادا کریں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی اس جنگ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande