
نئی دہلی، 26 مارچ (ہ س)۔ ملک بھر میں ریلوے پٹریوں کو عبور کرتے وقت ہونے والے حادثات کو روکنے کے لئے ریلوے اب مشن موڈ میں کام کرے گا۔اس سمت میں ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کو نئی دہلی میں افسران کے ساتھ ایک ورکشاپ کا انعقاد کرکے جامع ہدایات جاری کیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ جہاں ریلوے ٹریک کے ایک طرف بستیاں ہیں اور دوسری طرف کھیت، اسکول، شمشان یا دیگر اہم مقامات ہیں، وہاں عوامی سہولت کے لیے خصوصی ریل پلیا (سب ویز) تعمیر کی جائیں گی۔ ان پلیوں کا مقصد عوام کو محفوظ اور آسان آمدورفت فراہم کرنا ہے۔
ویشنو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان پلیاو¿ں کا ڈیزائن ایسا ہو کہ لوگ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ان کا استعمال کرسکیں۔ ان کی تعمیر اس طرح کی جائے گی کہ لوگ سائیکلوں، موٹر سائیکلوں اور دیگر ضروری اشیاءکے ساتھ آسانی سے آ اور جا سکیں۔ یہ اقدام ملک کی ایک بڑی آبادی کے لیے زندگی بچانے والا ثابت ہوگا۔
ریلوے کے منصوبے کے مطابق، پلیا کے ڈھانچے کو پہلے سے تیار کیا جائے گا اور بعد میں سائٹ پر لاکر تنصیب کی جائے گی ۔ تنصیب کے دوران، ریلوے ٹریک کو ”بلاک“ کر دیا جائے گا، جس کے اندر محض 12گھنٹے میں پٹری کو کاٹ کر پلیا فٹ کر دی جائے گی اور اسے استعمال کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے یہ بھی ہدایت دی کہ پلیا کا ڈیزائن ایسا ہو، جسے پانی جمع ہونے جیسے مسائلمتاثر نہ کریں ۔ اس کے ساتھ ہی یہ طویل مدت تککارآمد رہے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئندہ 5-6 سال کے اندر اس مسئلہ کے مستقل حل کو یقینی بنائیں۔
یہ فیصلہ ریلوے حکام سے کئی دنوں کی مشاورت کا نتیجہ ہے۔ وزارت ریلوے کا خیال ہے کہ صرف حساس اور عملی حل ہی عام لوگوں کو درپیش مسائل کا طویل مدتی حل فراہم کر سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد