ایم پی کے ساگر ضلع میں دیر رات دو سڑک حادثوں میں پانچ نوجوانوں کی موت
ایم پی کے ساگر ضلع میں دیر رات دو سڑک حادثوں میں پانچ نوجوانوں کی موت ساگر، 26 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں بدھ کی رات ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں پانچ نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مہلوکین کی ل
ساگر میں سڑک حادثے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس


ایم پی کے ساگر ضلع میں دیر رات دو سڑک حادثوں میں پانچ نوجوانوں کی موت

ساگر، 26 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع میں بدھ کی رات ہوئے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں پانچ نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ راہگیروں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ پہلا حادثہ بنڈا روڈ پر سورئی فیکٹری کے پاس ہوا، جہاں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے بائیک سوار تین نوجوانوں کی جان چلی گئی، جبکہ دوسرا حادثہ کھیل کمپلیکس کے پاس ہوا۔ یہاں تیز رفتار ٹرک نے بائیک سوار دو نوجوانوں کو روند دیا۔ پولیس نے دونوں معاملات میں کیس درج کر کے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ایک ملزم ڈرائیور کو حراست میں لے کر فرار ڈمپر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق، ساگر کے بنڈا روڈ پر واقع گرام سورئی میں فیکٹری کے پاس بدھ دیر رات ایک نامعلوم تیز رفتار ڈمپر نے بائیک کو ٹکر مار دی۔ تصادم کے بعد بائیک سوار تین نوجوان اچھل کر سڑک پر جا گرے اور سر میں شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ راہگیروں کی اطلاع پر ایس ڈی او پی پردیپ والمیکی اور تھانہ انچارج پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور لاشوں کا پنچنامہ بنا کر ایمبولینس کی مدد سے بنڈا اسپتال بھیجا گیا۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے تباہ شدہ بائیک کو تھانے پہنچایا ہے۔ ٹکر مارنے والی گاڑی موقع سے فرار ہو گئی۔ ابتدائی جانچ میں مہلوکین کی شناخت پر یانشو ریکوار، ہرش ریکوار اور تلسی رام رائے (ساکن پٹھار محلہ، بنڈا) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اہل خانہ کو اطلاع دے کر فرار گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے۔

وہیں، دوسرا حادثہ بدھ رات تقریباً 12.00 بجے کھیل کمپلیکس کے سامنے ہوا۔ پیلی کوٹھی گھاٹی سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے بائیک کو اپنی زد میں لے لیا۔ ٹکر سے بائیک سوار دو نوجوان اچھل کر سڑک پر گرے۔ ان میں سے ایک نوجوان ٹرک کے پہیے کے نیچے آ گیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دوسرا نوجوان ٹرک کے نیچے پھنس کر شدید زخمی ہو گیا۔ راہگیروں نے ٹرک کو روک کر ٹرک ڈرائیور کو پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دی۔ زخمی نوجوان کو فوراً اسپتال پہنچایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس نے بھی دم توڑ دیا۔ اطلاع ملنے پر سی ایس پی للت کشیپ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے ٹرک ضبط کر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ فی الحال دونوں مہلوکین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande