
منی پور میں سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کی
چندیل، 20 مارچ (ہ س)۔ منی پور کے چندیل ضلع کے مولچام تھانہ علاقہ کے تحت مولچام گاوں کے آس پاس کے علاقے میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز کے ذریعے چلائی گئی ایک مہم کے دوران بھاری مقدار میں ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔
سرکاری ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ مہم کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک اے کے-47 رائفل دو میگزین کے ساتھ اور ایک 9 ملی میٹر کاربائن مشین گن (سی ایم جی) ایک میگزین سمیت برآمد کی۔ اس کے علاوہ دو گرینیڈ ڈیٹونیٹر اور دو گرینیڈ بھی ضبط کیے گئے۔
برآمد شدہ مواد میں مختلف ہتھیاروں کے دو دیگر میگزین اور کل 194 راونڈ گولیاں بھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پانچ باوفینگ وی ایچ ایف ریڈیو سیٹ اور پانچ یو ایس بی چارجر بھی برآمد کیے گئے، جس سے ان کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے تمام برآمد شدہ مواد کو قبضے میں لے کر مزید جانچ شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق، ان ہتھیاروں کے ذرائع اور استعمال کے مقصد کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن