دہلی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں تیز آندھی کی وارننگ
دہلی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں تیز آندھی کی وارننگ نئی دہلی، 20 مارچ (ہ س)۔ دہلی میں آج صبح سے ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے دہلی کے موسم میں یہ
سیٹلائٹ سے حاصل شدہ آسمانی بجلی کی پیشین گوئی


دہلی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی، کئی ریاستوں میں تیز آندھی کی وارننگ

نئی دہلی، 20 مارچ (ہ س)۔ دہلی میں آج صبح سے ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے دہلی کے موسم میں یہ تبدیلی نظر آ رہی ہے۔ قومی دارالحکومت کے خطے میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمے نے کل پیش گوئی کی تھی کہ جمعہ کو بھی دہلی میں ویسٹرن ڈسٹربنس کا اثر نظر آئے گا۔ عام طور پر آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، ساتھ ہی تقریباً 19 ریاستوں میں تیز آندھی کے دوران بے موسم کی بارش ہو سکتی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، دہلی-این سی آر میں ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے دو دن سے وقفے وقفے سے ہورہی بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں 6 سے 7 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے سرگرم ہونے کا بڑا اثر شمالی ہندوستان میں ہوا ہے۔ دہلی-این سی آر سمیت میدانی علاقوں میں تیز ہواوں اور بارش نے دستک دی ہے، جبکہ پہاڑی ریاستوں میں بھاری برف باری ہو رہی ہے۔ آج سے کچھ دنوں کے لیے اتر پردیش، بہار، دہلی سے لے کر کشمیر تک لوگوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

مغربی اترپردیش اور پنجاب کے کئی حصوں میں ژالہ باری اور بارش ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود آندھی اور بجلی گرنے کا خطرہ ہے۔ اس سے ربیع کی فصلوں کو نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کے کروٹ لیتے ہی پہاڑوں پر کڑاکے کی سردی لوٹ آئی ہے۔ جموں و کشمیر کے گلمرگ اور سونمرگ جیسے اونچے علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے۔ ہماچل پردیش کے لاہول اسپیتی، روہتانگ اور کلو کے اوپری حصوں میں تازہ برف باری کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سیلسیس کی گراوٹ آئی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق، بہار میں آج درمیانی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا بھی چل سکتی ہے۔ چھتیس گڑھ میں بھی آج کچھ مقامات پر آندھی (ہوا کی رفتار 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ اور 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کے جھونکے) آنے کا امکان ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی آج ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کے ساتھ کچھ جگہوں پر بھاری بارش ممکن ہے۔ جموں و کشمیر، لداخ، مظفر آباد اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔

شمال مشرقی ہندوستان کے ساتھ ساتھ تمل ناڈو، کیرالہ اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں کئی مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور مغربی اترپردیش میں آج گرد آلود آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ گجرات، جنوبی چھتیس گڑھ، اڈیشہ، ودربھ، مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، مشرقی مدھیہ پردیش اور جنوبی ساحلی کرناٹک میں ہلکی بارش ممکن ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق، دہلی میں 21 مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31-29 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 16-14 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ 22 مارچ سے 24 مارچ تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34-30 ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18-15 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande