
کاٹھمنڈو، 19 مارچ (ہ س)۔ نیپالی کانگریس کے صدر گگن تھاپا نے وفاقی پارلیمنٹ (نمائندہ سبھا) کے انتخابات میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ تھاپا نے اپنا استعفیٰ نائب صدر وشو پرکاش شرما کو سپرد کیا۔ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں استعفے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
پارٹی نائب صدر شرما نے آج ’ایکس‘ پر اس بات کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ پارٹی صدر گگن تھاپا کا استعفیٰ دینا افسوسناک ہے۔ اس پر فیصلہ کل ہونے والے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں لیا جائے گا۔
گگن تھاپا کو 11 سے 14 جنوری تک کاٹھمنڈو کے بھرکٹی منڈپ میں منعقدہ خصوصی کنونشن میں پارٹی صدر منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم، اس کنونشن کی قانونی حیثیت کو اس وقت کے صدر شیر بہادر دیوبا اور کارگزار صدر پورن بہادر کھڈکا نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور یہ معاملہ ابھی زیرِ سماعت ہے۔
کنونشن کے فوری بعد نیپالی کانگریس انتخابات میں اتری، جہاں پارٹی کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی کے تمام بڑے لیڈر اور عہدیدار اس انتخاب میں ہار گئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، پارٹی صدر تھاپا خود بھی انتخاب ہار گئے ہیں۔ تھاپا کو سرلاہی-4 سے راشٹریہ سوتنتر پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر امریش سنگھ نے شکست دے دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن