
حیدرآباد، 18 مارچ (ہ س) ۔ سستے داموں سیم سنگ اسمارٹ فون فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر معصوم عوام کو دھوکہ دینے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایک خاتون ملزمہ فرار بتائی جاتی ہے۔شمس آباد زون کمشنر ٹاسک فورس کے عہدیداروں نے راجندر نگر پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس گینگ کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار ملزمین آن لائن کے ذریعے لوگوں کو کم قیمت میں سیم سنگ موبائل فون فراہم کرنے کا لالچ دیتے تھے، لیکن پارسل کے ذریعے موبائل فون کے بجائے بلوٹوتھ اسپیکرز،گلاسز اوردیگر غیر متعلقہ اشیاء بھیج کر رقم ہڑپ کر لیتے تھے۔ ملزمین میں شامل افراد ایس۔ وجے کمار(33 سال) ،وائی۔ شیو کمار(31 سال) ،مودین (32 سال)،ششی کانت (22 سال)،ساکن حیدرگوڑا،مفرور ملزمہ منجولاودیگرشامل ہیں ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں الیکٹرانک اور دیگر سامان ضبط کیا، جن میں کمپیوٹر مانیٹرز، لیپ ٹاپ، سی پی یوز، پرنٹر، ہارڈ ڈسک، موبائل فونز، 27 لینڈ لائن فون، 30 بلوٹوتھ اسپیکرز، 133 ٹمبلرز، تقریباً 150 ڈبے ہربل مصنوعات، 51 سم کارڈز (ایئرٹیل، ووڈافون، بی ایس این ایل) اور 1 لاکھ 40 ہزار روپے نقد شامل ہیں۔ گینگ پہلے لوگوں کا موبائل ڈیٹا حاصل کرتا تھا، جو منجولا نامی خاتون فراہم کرتی تھی۔ وہ ایک لاکھ فون نمبرز کا ڈیٹا 10 ہزار روپے میں فروخت کرتی تھی۔ اس کے بعد ٹیلی کالرز صارفین کو فون کر کے 3500 روپے میں سیم سنگ اسمارٹ فون دینے کی پیشکش کرتے تھے۔آرڈر ملنے کے بعد ملزمین پوسٹل سروس کے ذریعے پارسل بھیجتے، لیکن اس میں موبائل فون کے بجائے سستے سامان رکھ دیتے تھے۔ اس طرح وہ آسانی سے لوگوں کو دھوکہ دے کر رقم وصول کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق 2021 سے اب تک اس گروہ نے تقریباً 3880 افراد کو دھوکہ دے کر لاکھوں روپے کما لیے۔ اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس اور راجندر نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا اور ضبط شدہ سامان کو تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں گرفتار ملزمین کو مزید تفتیش کے لیے راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی شمس آباد زون ٹاسک فورس انسپکٹر کے۔ وینکٹ ریڈی کی نگرانی میں، ایس آئیز کے۔ ناگراجو، ایس۔ شیشو، ایم۔ روی کمار اور دیگر پولیس عملے کی مدد سے انجام دی گئی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق