مدھیہ پردیش کے اندور میں الیکٹرک کار کے چارجنگ پوائنٹ میں بلاسٹ سے مکان میں آگ لگی، 8 افراد ہلاک، چار زخمی
اندور، 18 مارچ (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں بنگالی چوراہہ کے پاس واقع تلک نگر علاقے میں بدھ کی صبح چارجنگ پر لگی الیکٹرک کار (ٹاٹا پنچ) میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ نے تین منزلہ مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثے میں ربڑ کے تاجر منوج پگلیا ا
اندور میں آتشزدگی کے حادثے کے بعد جائے وقوعہ کی تصویر


اندور میں آتشزدگی کے حادثے کے بعد جائے وقوعہ کی تصویر


اندور میں آتشزدگی کے حادثے کے بعد جائے وقوعہ کی تصویر


اندور، 18 مارچ (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں بنگالی چوراہہ کے پاس واقع تلک نگر علاقے میں بدھ کی صبح چارجنگ پر لگی الیکٹرک کار (ٹاٹا پنچ) میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ نے تین منزلہ مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثے میں ربڑ کے تاجر منوج پگلیا اور ان کی بہو سمرن سمیت آٹھ افراد کی موت ہو گئی، جبکہ چار افراد شدید زخمی ہیں۔ حادثے کے وقت پورا خاندان گھر میں سو رہا تھا، اس لیے کسی کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ گھر میں رکھے گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے، جس سے حالات مزید خوفناک ہو گئے۔ وہیں، بجلی گل ہونے سے ڈیجیٹل لاکنگ سسٹم بند ہو گیا اور کئی لوگ گھر کے اندر ہی پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔

پولیس کے مطابق، بنگالی چوراہے کے پاس گریٹر برجیشوری کالونی میں پگلیا خاندان کے گھر کے باہر دیر رات الیکٹرک کار چارجنگ پر لگی تھی۔ صبح تقریباً چار بجے چارجنگ پوائنٹ میں شارٹ سرکٹ ہوا، جس سے کار نے آگ پکڑ لی۔ کچھ ہی لمحوں میں آگ نے وکٹ روپ اختیار کر لیا اور گھر کے اندر پھیل گئی۔ حادثے کے وقت پگلیا خاندان کے گھر میں خاندانی تقریب چل رہی تھی، جس کی وجہ سے کئی ارکان اور رشتہ دار ایک ساتھ موجود تھے۔ گھر کے اندر دس سے زائد گیس سلنڈر اور آتش گیر مادہ رکھا ہوا تھا۔ آگ کی زد میں آتے ہی سلنڈروں میں دھماکے شروع ہو گئے۔ دھماکہ اتنا تیز تھا کہ مکان کا ایک حصہ گر گیا۔ گھر میں لگے ڈیجیٹل لاک کھل نہیں سکے، جس کی وجہ سے اندر سو رہے لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔

علاقے کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر (اے سی پی) کندن منڈلوئی کے مطابق، آگ لگنے کے اس واقعے میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے۔ مہلوکین میں مکان مالک منوج جین پگلیا (65)، ان کی بہو سمرن پگلیا (30)، وجے سیٹھیا (65)، اہلیہ سمن سیٹھیا (60)، چھوٹو سیٹھیا (22)، راشی سیٹھیا (12)، ٹینو (35) اور تنے (8 سال) شامل ہیں۔

حادثے میں بری طرح جھلسے ہوئے چار افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں منوج پگلیا کی اہلیہ سنیتا، منوج پگلیا کے بیٹے سوربھ، سومل اور ہرشت شامل ہیں۔ اندور کے اس حادثے میں مرنے والوں میں بہار اور راجستھان کے خاندان بھی شامل ہیں۔ بہار کے کشن گنج سے آئے وجے سیٹھیا، ان کی اہلیہ اور بیٹا، نیز راجستھان کے کوٹہ سے آئی ان کی بیٹی ٹینو اور دونوں نواسے نواسیاں (تنے اور راشی) اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

پڑوسی دکاندار سوربھ نے بتایا کہ بہار کے کشن گنج کے رہائشی وجے سیٹھیا کاسمیٹک کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ انہیں جبڑے کا کینسر تھا، اس لیے وہ آپریشن کرانے خاندان کے ساتھ اپنے بیٹی داماد کے گھر اندور گئے تھے، لیکن وہاں حادثے میں ان کی اہلیہ، بیٹے، بہن اور بہنوئی سمیت ان کی بھی موت ہو گئی۔ سوربھ کے مطابق، وجے سیٹھیا کی کشن گنج میں دو دکانیں ہیں۔ وہ ان دنوں اپنا نیا گھر بھی بنوا رہے تھے۔ سوربھ نے بتایا کہ کچھ دن پہلے ہی وہ الیکٹرانک سامان لے کر ان کے گھر گئے تھے۔

اندور کے پولیس کمشنر سنتوش کمار سنگھ نے بتایا کہ یہ گھر منوج پگلیا کا تھا، جو پولیمر کا کاروبار کرتے تھے۔ گھر میں کچھ ایسے کیمیکل بھی رکھے تھے جو آتش گیر ہیں۔ ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ الیکٹرک گاڑی کے چارجنگ پوائنٹ میں دھماکے سے آگ لگی، جو کار سے ہوتے ہوئے گھر تک پھیل گئی۔ گھر میں 10 سے زائد گیس سلنڈر اور آتش گیر کیمیکل بھی رکھے تھے، جس سے آگ مزید ہولناک ہو گئی۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ گھر میں الیکٹرانک لاک لگے تھے۔ آگ کے دوران بجلی کی سپلائی بند ہونے سے یہ لاک کھل نہیں سکے، جس سے اندر پھنسے لوگوں کو باہر نکالنا مشکل ہو گیا۔ بچاو ٹیم کو دروازے توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور کڑی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اندور میں ہوئے آتشزدگی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے، ہماری ہمدردیاں تمام سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بابا مہاکال سے آنجہانی کی روح کے سکون اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کی ہے۔

ریاست کے نائب وزیراعلیٰ راجیندر شکلا نے بھی حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندور میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہونے والا یہ دل خراش حادثہ انتہائی افسوسناک اور غم زدہ کرنے والا ہے۔ اس ناگہانی حادثے میں جن شہریوں نے اپنی جانیں گنوائیں، ان کے تئیں عقیدت کے پھول پیش کرتا ہوں۔ ایشور سے پرارتھنا ہے کہ آنجہانی کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائیں۔ ساتھ ہی، حادثے میں زخمی تمام لوگوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد وزیر کیلاش وجے ورگیہ اور تلسی رام سلاوٹ بھی موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلی ہوئی کار اور کھنڈر بن چکے مکان کا معائنہ کیا۔ وجے ورگیہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande