
نئی دہلی، 18 مارچ (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لیے بھارت اودیوگک وکاس یوجنا(بھویہ) شروع کی ہے۔ اس سکیم کے تحت ملک بھر میں 100 پلگ- اینڈ- پلے انڈسٹریل پارک تیار کئے جائیں گے۔ حکومت نے ان پروجیکٹوں کے لیے 33,660 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ نے اس تجویز کو منظوری دی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے نیشنل میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس کے دوران یہ معلومات دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت 100 سے 1000 ایکڑ تک کے صنعتی پارک تیار کیے جائیں گے۔ فی ایکڑ 1 کروڑ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
مالی امداد بنیادی ڈھانچے کی ترقی (اندرونی سڑکیں، زیر زمین یوٹیلیٹیز،پانی کے نکاسی کے نظام، عوامی علاج کی سہولیات، اطلاعاتی اورمواصلاتی ٹیکنالوجی اور انتظامی نظام)، ویلیو ایڈڈ انفراسٹرکچر (تیار کارخانے کے شیڈ،ضرورت کے حساب سے تعمیر کی گئی اکائیاں، ٹیسٹنگ لیبارٹریز، اسٹوریج) اور سماجی انفراسٹرکچر (کارکنوں کے لیے رہائشی اور معاون سہولیات )کی ترقی کے لئے ہوگی۔
قومی صنعتی گلیارہ ترقیاتیپروگرام (این آئی سی ڈی پی) کے فریم ورک کے تحت تیار کیے گئے صنعتی اسمارٹ شہروں کی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئے اس میگا پروجیکٹ کو ریاستوں اور نجی شعبے کے شراکت داروں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔
بیرونی انفراسٹرکچر کے لیے منصوبے کی لاگت کے 25 فیصد تک کی مدد بھی فراہم کی جائے گی، جو کہ ہموار رابطے اور موجودہ نیٹ ورکس کے ساتھ انضمام کو یقینی بنائے گی۔ پروجیکٹ کا انتخاب ایک سخت عمل کے ذریعے کیا جائے گا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ صرف اعلیٰ معیار، اصلاحات پر مبنی اور سرمایہ کاری کے لائق تجاویز پر عمل کیا جائے۔
حکومت کا خیال ہے کہ اس شاندار اسکیم سے مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور خدمات کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر روزگار پیدا کرنے، براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور اہم سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ یہ پروجیکٹ تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں نافذ کیا جائے گا، جس سے ملک بھر میں لاکھوں ملازمتیں پیدا ہوں گی اور ملک گیر صنعتی ترقی کو تیز کیا جائے گا۔
اس اسکیم سے مینوفیکچرنگ یونٹس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، اسٹارٹ اپس، اور عالمی سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچے گا جو تیار صنعتی انفراسٹرکچر کی تلاش میں ہیں، جبکہ ورکرز، لاجسٹکس فراہم کرنے والے، سروس سیکٹر کے اداروں اور مقامی کمیونٹی کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد