
نئی دہلی، 18 مارچ (ہ س)۔ سابق وزیر اعظم اور جنتا دل (سیکولر) کے صدر ایچ ڈی۔ دیوے گوڑا نے آج پارلیمنٹ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ریمارک پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کے ساتھ اپنے ماضی کے اتحاد کو جبری شادی قرار دیتے ہوئے دیوے گوڑا نے کہا کہ حالات نے انہیں طلاق لینے پر مجبور کیا۔
بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں، دیوے گوڑا نے نوٹ کیا: میرے پیارے اور پرانے دوست، ملکارجن کھڑگے نے آج پارلیمنٹ میں میرے بارے میں ایک مزاحیہ تبصرہ کیا، جس میں یہ تجویز کیا گیا کہ میں کبھی کانگریس سے 'لو' میں تھا لیکن بعد میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی سے 'شادی' کر لی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنی حرکتوں کی وجہ نہیں جانتے ہیں۔
دیوے گوڑا نے وضاحت کی کہ وہ اس وقت ایوان میں موجود نہیں تھے، کیونکہ انہیں یوگادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بنگلور جانا تھا۔ اسی لے میں جواب دیتے ہوئے، انہوں نے تبصرہ کیا، اگر میں اسی ازدواجی استعارے کا استعمال کرتے ہوئے اپنے دوست کو جواب دوں، تو میں کہوں گا کہ کانگریس کے ساتھ میرا اتحاد 'زبردستی کی شادی' تھا، لیکن مجھے 'طلاق' لینے پر مجبور کیا گیا کیونکہ یہ ایک مکروہ رشتہ بن گیا تھا۔
2018 کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے دیوے گوڑا نے یاد کیا کہ کانگریس نے غلام نبی آزاد کے ذریعے ایچ ڈی کمارسوامی کوچیف منسٹر بنانے کی تجویز پیش کی تھی، جو انہوں نے شروع میں مسترد کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ، اس وقت، انہوں نے کھڑگے کو وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کی وکالت کی تھی- ایک بحث جو سدھارامیا کی موجودگی میں ہوئی تھی- لیکن آخر کار، کمار سوامی کی قیادت پر اصرار کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ 2019 میں، کانگریس نے یکطرفہ طور پر اتحاد توڑ دیا، جس کے نتیجے میں کئی کانگریسی ایم ایل اے نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ عوام کے علم کی بات ہے کہ ان انحراف کے پیچھے کون تھا۔ دیوے گوڑا نے ریمارکس دیے، ”اگر کانگریس نے اس شخص کے خلاف کارروائی کی ہوتی جس نے انحراف کی حوصلہ افزائی کی تھی، تو آج پارٹی صدر کے طور پر میرے دوست کھڑگے کی پوزیشن بہت بہتر ہوتی۔“
سابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ انہوں نے کانگریس اتحاد کو نہیں چھوڑا تھا۔ بلکہ یہ کانگریس ہی تھی جس نے انہیں چھوڑ دیا تھا۔ نتیجتاً، وہ کانگریس سے ’طلاق‘ لینے اور ’مستحکم اتحاد‘ کی تلاش میں مجبور ہوئے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بدھ کو راجیہ سبھا میں سبکدوش ہونے والے ارکان کی الوداعی تقریب کے موقع پر کانگریس کے صدر اور قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا پرطنز کرتے ہوئے کہا، ”انہوں نے ہم سے محبت کی، لیکن مودی * ساب* سے شادی کر لی۔ ان کا تبصرہ جے ڈی (ایس) کے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے کانگریس سے الگ ہونے کی طرف اشارہ تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی