
کولکاتا، 17 مارچ (ہ س)۔ مغربی بنگال میں گرج چمک کے ساتھ آندھی -طوفان نے پیر کی شام کولکاتا سمیت کئی اضلاع میں تباہی مچا دی۔ تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے سبب کئی جگہ درخت اکھڑ گئے، بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا اور سڑکوں پر ٹریفک میں خلل پڑا۔
ریاست کے مختلف حصوں میں گزشتہ کچھ دنوں سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی تھی، لیکن پیر کی شام اچانک موسم بدل گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ اس کے بعد شدید آندھی -طوفان آیا، جس نے کولکاتا، مغربی میدینی پور، ہاوڑہ اور ہگلی سمیت کئی اضلاع کو متاثر کیا۔ کولکاتا میں 72 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
محکمہ موسمیات نے پیر کی رات ہاوڑہ، کولکاتا، جنوبی 24 پرگنہ اور مشرقی میدینی پور کے اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔ شمالی 24 پرگنہ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ وارننگ کے کچھ ہی دیر بعد تیز ہواؤں اور بارش نے کئی علاقوں کو نقصان پہنچایا۔
کولکاتا کے قریب بج بج بڈج ٹرنک روڈ پر جنجیرا بازار کے قریب ایک بڑے ہورڈنگ کا ایک گیٹ ٹوٹ کر گر گیا، جس سے سڑک کا ایک حصہ بند ہونا پڑا۔ شہر کے کئی علاقوں میں درخت بجلی کی تاروں پر گرنے سے بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی۔
مغربی میدینی پور ضلع کے گھاٹال علاقے میں بھی تیز ہواو¿ں کی وجہ سے کئی مقامات پر سڑکوں پر درخت گر گئے جس سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ داس پور کے علاقے میں سڑک حادثہ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ آجوریا- سوناکھالی روڈ پر ہری داس اسودتلہ کے علاقے میں تیز آندھی کے دوران ایک درخت ٹوٹ کر موٹر سائیکل سوار تین افراد پر گر پڑا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
کئی اضلاع بشمول بانکوڑہ، پورولیا اور میدینی پور میں بھی اتوار کی شام بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں موسم میں یہ تبدیلی جھارکھنڈ سے آنے والے طوفان کی وجہ سے ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی بنگال کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دارجلنگ، کالمپونگ، علی پوردوار، کوچ بہار اور جلپائی گوڑی میں تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شمالی اور جنوبی دیناج پور اور مالدہ اضلاع میں بھی بکھری بارش متوقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد