
علی گڑھ, 17 مارچ (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم محمد عمیر کو ہندوستان کے خلائی تحقیقاتی ادارہ (اسرو) میں سائنس داں کے عہدہ پر منتخب کیا گیا ہے۔
محمد عمیر کی تعلیمی زندگی کا بڑا حصہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں گزراہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم عبداللہ اسکول میں پوری کی، اس کے بعد ایس ٹی ایس اسکول (منٹو سرکل) میں زیرِ تعلیم رہے، اور پھر سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول سے سینئر سکنڈری ایجوکیشن مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بیچلر آف آرکیٹیکچر اور ماسٹر آف پلاننگ کی ڈگریاں حاصل کیں۔
پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد انہوں نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی، روڑکی میں ڈاکٹریٹ پروگرام میں داخلہ حاصل کیا۔ دورانِ تحقیق انہوں نے خلائی تحقیقاتی ادارہ (اسرو) کے امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی، جو ان کی محنت، ثابت قدمی اور مستحکم تعلیمی بنیاد کا مظہر ہے۔
اس کامیابی پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر محمد عمیر کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کے لیے مشعل راہ ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یونیورسٹی ایسے باصلاحیت افراد تیار کرتی ہے جو قومی سطح کے ممتاز اداروں میں نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ