
ممبئی ، 17 مارچ (ہ س)۔ مہاراشٹر میں آر ٹی ای کے تحت 25 فی صد داخلہ عمل میں اہم نرمی کرتے ہوئے حکومت نے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر 25 مارچ 2026 کر دی ہے، جس سے والدین کو مزید وقت مل گیا ہے۔ نئے فیصلے کے تحت اب والدین کو اسکول کے انتخاب میں زیادہ آزادی دی گئی ہے اور وہ 3 سے 5 کلومیٹر کے دائرے میں موجود اسکولوں کا انتخاب کر سکیں گے۔یہ فیصلہ بامبے ہائی کورٹ ناگپور بنچ کی ہدایات کے مطابق کیا گیا ہے، جس میں پہلے سے نافذ 1 کلومیٹر کی حد میں نرمی دی گئی ہے۔ اس اقدام سے زیادہ اہل طلبہ کو بہتر اسکولوں میں داخلہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ حکام نے بتایا کہ جو والدین 16 مارچ 2026 تک آن لائن درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، انہیں اپنی درخواستوں میں تبدیلی کرنے کے لیے ’ان کنفرم‘ اور ’ری کنفرم‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ضلع پریشد تھانے کے پرائمری ایجوکیشن آفیسر بالاساہیب رکھشے نے کہا کہ اس توسیع کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو داخلہ عمل میں شامل کرنا ہے اور والدین کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ افسران اور اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس فیصلے کی معلومات وسیع پیمانے پر والدین تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ درخواستیں جمع ہو سکیں۔ حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ یا تو اپنی درخواستوں میں ضروری تبدیلی کریں یا نئی درخواست جمع کرا کے داخلہ عمل مکمل کریں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے